Live Updates

رمضان المبارک کے دوران عطیات دینے کے سلسلہ میں احتیاط برتنے کی ہدایت ،وزارت اطلاعات ونشریات نے آگاہی مہم شروع کردی

بدھ 1 جولائی 2015 15:43

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) رمضان المبارک کے دوران عطیات دینے کے سلسلہ میں احتیاط برتنی چاہئے اورضرورت مند افراد کی ہی مدد کیلئے کوشش کرنی چاہئے، جڑواں شہروں میں ان دنوں مختلف تنظیمیں فلاحی دعوؤں کے ساتھ لوگوں سے چندہ وصول کرنے میں مصروف ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ صرف جائز اور قانونی حیثیت رکھنے والی تنظیموں کو ہی عطیات دیئے جائیں۔

حکومت کی جانب سے لوگوں کی رہنمائی کیلئے آگاہی مہم شروع کی گئی ہے تاکہ حقیقی متاثرین کی مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ نے عوام میں آگاہی کے لئے پروگرام دیا ہے جس کے تحت ”حق حق دار تک“ کا آغاز کیا گیا ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ فلاحی کاموں میں حکومتی کوششوں میں تعاون کیا جائے تاکہ بالخصوص دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں اور دیگر ضرورت مندوں کی رمضان المبارک میں بھرپور مدد کی جا سکے۔

(جاری ہے)

عوام کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کسی جعلی تنظیم کے جھانسے میں نہ آئیں اور اس سلسلے میں تقسیم کئے جانے والے مختلف بینرز اور پمفلٹس پر توجہ نہ دیں اور سوچ سمجھ کر عطیات دیں۔ بعض افراد اور تنظیمیں گھر گھر جا کر لوگوں سے عطیات وصول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے اور عوام کسی ایسے گروہ کے جھانسے میں نہ آئیں۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :