کاشتکاروں کو مونگ اور ماش کی کاشت رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 1 جولائی 2015 15:48

فیصل آباد ۔یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء)کاشتکاروں کو مونگ اورماش کی کاشت رواں ماہ جولائی کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ مونگ کی کاشت کے لیے میرا زمین موزوں ہے جبکہ کلراٹھی اور سیم زدہ زمین غیر موزوں ہے ۔محکمہ زراعت فیصل آبادکے ذرائع نے بتایاکہ آبپاش علاقوں کے لیے زرعی ماہرین کی سفارش کردہ اقسام نیاب مونگ 2006، ازری مونگ 2006اور نیاب مونگ 2011جبکہ بارانی علاقوں میں چکوال ایم6منظور شدہ اقسام کے لیے شرح بیج 10سے 12کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ماش کی ترقی دادہ اقسام چکوال ماش، ماش 97اور ماش عروج 2011کاشت کریں اوران کی پیداواری صلاحیت 22من فی ایکڑ تک ہے ۔انہوں نے کہاکہ زیادہ بارش والے علاقوں میں 8کلو گرام اور دوسرے علاقوں میں 10کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح مونگ کی سفارش کردہ اقسام کے لیے شرح بیج 10 سے 12کلوگرام فی ایکڑ رکھیں۔ مونگ کی سفارش کردہ اقسام کی پیداوار ی صلاحیت 25من فی ایکڑ تک ہے ۔انہوں نے کہاکہ اچھی پیداواری صلاحیت کی حامل ہونے کے ساتھ بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے وجہ سے زرعی ماہرین نے انہی اقسام کو کاشت کرنے کی سفارش کی ہے ۔