محض تنقید برائے تنقید کرنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ،موجودہ قیادت نیک نیتی سے ملکی ترقی کیلئے کوشاں ہے ‘ گورنر پنجاب

بدھ 1 جولائی 2015 16:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ محض تنقید برائے تنقید کرنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ،موجودہ جمہوری قیادت نیک نیتی کے ساتھ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے اور ان کی مدبرانہ اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں ملکی معیشت بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہے ،مہنگائی ، بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے یہی وجہ ہے کہ اس مقصد کے لیے موثر حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہو ں نے برانڈرتھ روڈ ٹریڈرزایسوسی ایشن کے گیارہ رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہو ں نے چیئرمین انیس اقبال ڈار کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ(ن) کو اقتدار ملا ملک میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو بے حد فروغ ملا اور ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ۔

ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے عملی طور پر کوشاں ہیں اور ان کی تاجر دوست پالیسیوں کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ تاجر برادی ملک کو اربوں روپے کے ریونیوفراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں اس لیے ملکی معیشت میں ان کا کردار بے حد اہم ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ تنقید کو کھلے ذہن اور بڑے دل کے ساتھ برداشت کیا ہے کیونکہ ہر تنقید میں اصلاح کا پہلو بھی ہوتا ہے تاہم محض تنقید برائے تنقید کرنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔اس موقع پر تاجروں نے گورنر پنجاب کو بنکوں میں لین دین کے دوران اعشاریہ چھ فیصد کٹوتی پر اپنے تحفظات اور برانڈرتھ روڈ مارکیٹ میں تجاوزات اور پارکنگ کے مسائل کے بارے میں بتایا ۔

گورنر کو بتایا گیا کہ برانڈرتھ روڈ پر تجاوزات کے خاتمے سے پارکنگ کے پچیس فیصد مسائل ختم ہو سکتے ہیں جبکہ مارکیٹ کے قریب کثیر المنزلہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر تاجروں کو خاصا ریلیف فراہم کرے گا۔گورنر پنجاب نے ان کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی -تاجروں کے وفد نے اپنے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :