اللہ کرے وزیر اعظم نواز شریف کو 2017کے آخر تک بجلی بحران ختم کرنے کا اپنا اعلان اور وعدہ یاد رہے ‘ لیاقت بلوچ

بدھ 1 جولائی 2015 16:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے موقف سے انکار کردیاہے اور اب 2017 ء کے آخر میں بجلی بحران کے خاتمہ کا اعلان کیا ہے،ا للہ کرے انہیں اب اپنا اعلان اور وعدہ یاد رہے ، حکمرانوں کو باخبر رہناچاہیے کہ عوام بجلی بحران اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے بیزار ہیں اور کسی وقت بھی پر تشدد احتجاج کا لاوا پھٹ سکتاہے ۔

سادہوکی میں حاجی نتھو خان کے ڈیرے پر علاقہ کے معززین اور کسانوں کے افطار ڈنر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے ماہ رمضان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تجویز رد کر کے اچھا کیاہے لیکن ماہ رمضان کے بعد عوام پر عید کے ساتھ ہی پٹرول بم نہ گرا دیا جائے ۔

(جاری ہے)

پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کی تجویز ناجائز اور قومی بجٹ ،پارلیمنٹ کے مذاق کے مترادف ہو گا ۔

مہنگائی ، غریب عوام کے بس سے باہر ہو گئی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیرداخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پھر قوم کو آگاہ کیا ہے کہ بھارتی” را“ کے بلوچستان اور کراچی میں ناقابل تردید ثبوت مل گئے ہیں ایم کیو ایم اس دہشتگردی کی آلہ کار ہے حکومت اور حکمت کار اب وقت ضائع نہ کریں ۔ امن کی بحالی کے لیے ضرب عضب ، قومی ایکشن پلان اور کراچی میں ٹارگٹڈ اپریشن منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔

دہشتگردی میں اضافہ کے لیے کرپشن کرنے والے بھی دہشتگرد ہیں ۔ سفارتی اور عالمی محاذ پر بھارتی چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے موثر اور بھر پور سفارتی مہم چلائی جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان پوری امت کی تربیت اور غیرت ایمانی کی بیداری کا درس دیتاہے ۔ قرآن کریم کتاب انقلاب ہے ۔ اہل ایمان اپنی انفرادی اور اجتماعی اصلاح کے لیے قرآن وسنت کو مرکز و محور بنائیں گے تو عظمت رفتہ پلٹ کر آئے گی ۔