وزیر اعظم کی کراچی میں پانی کی فراہمی کے میگا پروجیکٹ ” کے ۔ فور “ کو دو سال میں مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 1 جولائی 2015 16:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) وزیر اعظم نے کراچی میں پانی کی فراہمی کے میگا پروجیکٹ ” کے ۔ فور “ کو دو سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ منصوبے میں شفافیت کو برقرار رکھنے اور جلد تکمیل کے لیے ایک نگراں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے ، جو وفاقی اور سندھ حکومتوں کے حکام پر مشتمل ہو گی ۔ یہ ہدایت انہوں نے بدھ کو وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں کراچی کے میگا پروجیکٹس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ سندھ ، وفاقی وزراء ، صوبائی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو پانی کی فراہمی کے منصوبے ” کے ۔ فور “ اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے ” ایس ۔ تھری “ اور ٹرانسپورٹ کے منصوبے ” گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم “ پر بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم کے ذریعہ 260 ایم جی ڈی پانی کینجھر جھیل سے حاصل کیا جائے گا ۔

یہ منصوبہ تین حصوں میں مکمل ہو گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کے فور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق نے گذشتہ مالی سال منصوبے پر دو ارب روپے دیئے ۔ یہ فنڈز کم تھے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے وفاق 10 ارب روپے گرانٹ فراہم کر سکتا ہے ۔ انہوں نے ایس تھری منصوبے کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعظم کو بتایا گیاکہ گرین لائن بس منصوبہ وفاقی حکومت کا منصوبہ ہے ۔ اس منصوبے کے تحت 17.8 کلو میٹر ٹریک تعمیر کیا جائے گا ۔ 21 اسٹیشنز شامل ہوں گے ۔ اس منصوبے کے لیے وفاق 8 ارب روپے جاری کر چکا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ وفاق کی جانب سے کراچی کے عوام کے لیے تحفہ ہے ۔ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ۔ کراچی میں جدید سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کے فور منصوبہ وفاقی اور سندھ حکومت مل کر مکمل کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :