Live Updates

کراچی، ظالم حکمران ایک دن اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچیں گے،عارف علوی

سندھ کی حکمران جماعت کے وزراء اپنے سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہے ہیں ، رہنماء تحریک انصاف

بدھ 1 جولائی 2015 17:19

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے چیف آرگنائزر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ظالم حکمران ایک دن اپنے منتقی انجام تک ضرور پہنچیں گے ۔سندھ کے نوجوان روزگار کے حصول کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں انہیں نوکری کہیں نہیں مل رہی کیونکہ صوبائی حکومت ، وزراء نوکریاں بیچنے کی منڈیا لگا چکے ہیں ۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ این اے250اور پی ایس 113کے علاقے قیوم آباد کے غریب مستحق خاندانوں میں اشیا ء خوردونوش کے پیکٹ تقسیم کر رہے تھے اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان ، افتخار فاروقی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ سندھ کی حکمران جماعت کے وزراء اپنے سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جب تحریک انصاف عمر کوٹ کے رہنما و سابق تحصیل نائب ناظم ارباب علی سیمجو نے پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر برائے پاپولیشن ویلفیئر سندھ سید علی مردان شاہ کی اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب کی تو وزیر موصوف نے تحریک انصاف کے رہنما کے گھر اور دوکانوں کو مسمار کرکے ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کی ۔ صوبائی وزیر نے ان کو دھمکی دی اپنے خلاف دائر کیسز کو واپس لینے کے لئے دباؤ ڈالا گیا ۔

تحریک انصاف اس رویہ کی شدید مذمت کرتی ہے اور نیب حکام سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ کے صوبائی وزیر برائے پاپولیشن ویلفیئر سید علی مردان شاہ کے اربوں روپے کی کرپشن پر ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گزشتہ رو ز پریس کانفرنس میں غلطی سے صوبائی وزیر سید علی مردان شاہ کی جگہ سید مراد علی شاہ کا نام اخبارات میں چھپا تھا جس پر ہم معذرت خواہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور سید علی مردان شاہ جیسے وزراء اپنی کرپشن اور لوٹ مار کی رقم کو چھپانے کے لئے ہمیشہ اپنے مخالفین پر زمین تنگ کرتے ہیں ۔اگر پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ کی حکومت غریب عوام سے مخلص ہوتی تو آج پورا سندھ تباہی و بربادی کے دہانے پر نہ پہنچتا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات