Live Updates

عمران خان سمیت تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران مستعفی ہونے کا اعلان کرنے والے 24 ارکان کو تنخواہیں جاری

پی ٹی آئی ارکان کو فی کس 8 لاکھ روپے کے حساب سے 2کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگی ،تنخواہ وصول کرنے والو ں میں عمران خان ، اسد عمر ، شاہ محمود قریشی ، عارف علوی ، شفقت محمود ، شیریں مزاری ، انجینئر علی محمد ، شہریار آفریدی ، مراد سعید ، غلام سرور ، امجد علی ، عائشہ گلالئی ، منزہ حسن و دیگر شامل

بدھ 1 جولائی 2015 17:30

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) قومی اسمبلی نے گزشتہ سال دھرنے کے دوران مستعفی ہونے کا اعلان کرنے اور ایوان سے مسلسل 3 ماہ سے زائد غیر حاضر رہنے والے عمران خان سمیت 24 پی ٹی آئی ارکان کو تنخواہیں جاری کردیں ، جن ارکان کو تنخواہیں جاری کی گئیں ان میں عمران خان ، اسد عمر ، شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر عارف علوی ، شفقت محمود ، شیریں مزاری ، انجینئر علی محمد خان ، شہریار آفریدی ، مراد سعید ، غلام سرور ، امجد علی ، عائشہ گلالئی ، منزہ حسن و دیگر شامل ہیں ۔

پی ٹی آئی ارکان کو فی کس 8 لاکھ روپے کے حساب سے 2کروڑ روپے سے زائد ادا کیے گئے ، قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے غیر حاضر ارکان کی تنخواہیں ان کی پارلیمنٹ میں واپسی کے باوجود روک رکھی تھیں ، جن ارکان کو تنخواہیں ادا کی گئیں ہیں ان میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 24 ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ان ارکان کو اگست 2014ء سے جون 2015ء تک 10 ماہ کی تنخواہیں ادا کی گئی ہیں ۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اگست 2014ء میں دیئے گئے استعفے منظور کرنے کیلئے جے یو آئی اور (ن) لیگ کے ارکان نے قومی اسمبلی میں تحاریک بھی جمع کرا رکھی تھی جو سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے پی ٹی آئی ارکان کو تنخواہوں کی ادائیگی کے فیصلے کے بعد عملاً غیر متعلق ہوکر رہ جائیں گی ۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے قواعد کے تحت 3 ماہ تک مکمل غیر حاضر رہنے والے ارکان کی رکنیت ختم ہو جاتی ہے تاہم سپیکر کی صوابدید ہے کہ وہ اس حوالے سے قواعد میں نرمی کرسکتا ہے ۔ تمام ارکان کی تنخواہیں ان کے اکاؤنٹس میں بھجوا دی گئی ہیں ۔ (عمر/ع ع)

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات