کر اچی میں پانی کے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے نگران کمیٹی تشکیل دی جائے گی ، وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر منصوبے کا خرچ برداشت کرے گی،وزیراعظم نواز شریف کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

بدھ 1 جولائی 2015 17:30

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کے منصوبے کے فور میں شفافیت اور جلد تکمیل کیلئے نگران کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو وفاقی اور صوبائی ارکان پر مشتمل ہوگی ، وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر منصوبے کا خرچ برداشت کرے گی ۔ وہ بدھ کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں پانی کے مسئلے اور گرین لائن بس سروس چلانے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔

اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کو کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم کے ذریعے 260 ایم جی ڈی پانی کینجھر جھیل سے مہیا کیا جائے گا ، کراچی کو پانی کی فراہمی کا منصوبہ تین مرحلوں میں مکمل ہوگا ، منصوبے کی تکمیل سے کراچی کی موجودہ اور آئندہ کی ضروریات پوری ہوں گی ، وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کی کہ منصوبے میں شفافیت اور جلد تکمیل کیلئے نگران کمیٹی تشکیل دی جائے ، نگران کمیٹی وفاقی اور صوبائی ارکان پر مشتمل ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر منصوبے کا خرچ برداشت کرے گی ۔ وزیراعظم کو کراچی میں 17.8 کلو میٹر گرین لائن بس سسٹم پر بھی بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرین لائن بس کے ذریعے روزانہ تین لاکھ مسافر سفر کرسکیں گے ، گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کیلئے تمام فنڈز وفاقی حکومت فراہم کرے گی ۔ وفاقی حکومت گرین لائن منصوبے کیلئے 8 ارب روپے جاری کرچکی ہے ۔