پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کا بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ ،الیکشن کمیشن کا صوبائی حکومتوں کی تجاویز کو سپریم کورٹ میں پیش کرنے پر غور

بدھ 1 جولائی 2015 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے اپنے صوبوں میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرلیا،الیکشن کمیشن نے انتخابات مرحلہ وار کرانے کی صوبائی حکومتوں کی تجاویز کو سپریم کورٹ میں پیش کرنے پر غور شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے اپنے ہاں بلدیاتی انتخابات دو یا دو سے زائد مراحل میں کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے باضاطہ رابطہ قائم کرلیا ہے اور درخواست کی ہے کہ ان صوبوں میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی اجازت دی جائے تا کہ صوبائی حکومتیں آسانی کے ساتھ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ضروری انتظامات کرسکیں۔

واضح رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک ہی روز تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے نتیجے میں شدید انتظامی پیچیدگیاں اور بے قاعدگیاں سامنے آئی تھیں جس کے بعد دیگر صوبائی حکومتوں نے ان مشکلات پر قابو پانے کیلئے اور بہتر انتخابی انتظامات کیلئے مرحلہ وار انتخابات کی تجاویز دی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پنجاب میں 2جبکہ سندھ میں 3مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرانے پر غور کیا جا رہا ہے،سپریم کورٹ نے 20ستمبر کو پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے آرڈرز جاری کئے ہیں، اب صوبوں کی طرف سے مرحلہ وار انتخابات کی تجاویز آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے یہ تجاویز سپریم کورٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تا کہ عدالت کی رہنمائی میں اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے۔