گلبرگ میں کھیلوں کے میدان کو وائی میکس تھیٹر میں تبدیل کرنے کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب

بدھ 1 جولائی 2015 17:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈونگی گراؤنڈ گلبرگ میں کھیلوں کے میدان کو وائی میکس تھیٹر میں تبدیل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم کے باوجود سرکاری وکیل نے تحریری رپورٹ عدالت میں پیش نہ کی جس پر درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر عدالت میں جواب داخل نہیں کرا رہی اور عدالت عالیہ کے فل بنچ کے فیصلے کے باوجود غیر قانونی طور پرکھیلوں کے میدان کو وائی میکس تھیٹر میں تبدیل کر دیا گیا ۔

عدالتوں میں سرکاری محکموں کو عام آدمی سے زیادہ ترجیح دی جاتی ہے اس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ 2011ء میں دائر درخواست پر حکومت پنجاب نے ابھی تک تفصیلی جواب داخل کرنا گوارا نہیں کیا ۔ عدالت نے حکومت پنجاب کو تحریری طور پر تفصیلی جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :