محکمہ لائیوسٹاک کی طرف سے مویشیوں/ مرغیوں میں تیسری حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کی مہم جاری

16جون سے اب تک14,21,0649جانوروں /مرغیوں کوحفاظتی ٹیکہ جات لگائے جاچکے ہیں‘ ارشد جٹ

بدھ 1 جولائی 2015 17:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی محکمہ لائیوسٹاک چوہدری محمد ارشدجٹ نے ایک میٹنگ کے دوران کہا کہ پنجاب بھرکے مویشیوں/ مرغیوں کوبیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تیسری حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کاآغاز 16جون 2015سے کیاگیاہے۔ اس تیسری مہم کے ابتدائی مرحلہ میں 9 1 اضلاع جن میں نارووال،منڈی بہاؤالدین،ننکانہ صاحب، چنیوٹ،ویہاڑی،قصور،جھنگ،حافظ آباد،گجرات ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، خوشاب ،اوکاڑہ ،پاکپتن، ملتان، خانیوال، ڈیرہ خازیخان اور مظفرگڑھ میں اب تک32 لاکھ 1 ہزار 348 جانوروں کو گل گھوٹو ،13 لاکھ 11 ہزار 38 بھیڑبکریوں میں انتڑیوں کازہر جبکہ 96لاکھ 98 ہزار 263مرغیوں میں رانی کھیت کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جاچکے ہیں۔

اس مہم کے ساتھ ساتھ جانوروں سے خون،گوبراوردودھ کے نمونہ جات بھی حاصل کئے جارہے ہیں تاکہ ان علاقوں میں بیماری کی تشخیص کرکے اس کاعلاج معالجہ کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں 22ہزار332خون کے نمونہ جات حاصل کئے گئے جن سے خون کی بیماریوں کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے، 4ہزار727جانوروں کے خون سے سیرم حاصل کرکے بروسیلا، گدھے گھوڑے کے اندرونی کرموں کی جانچ پڑتال کے لیے 30ہزار728اورجانوروں میں ہوانے کے سوزش کی بیماری کی روک تھام کے لیے 903دودھ کے نمونہ جات سرف ٹیسٹ کے لیے حاصل کئے گئے ۔

ارشدجٹ نے بتایاکہ مون سون کی بارشوں اورممکنہ سیلاب کو مدنظررکھتے ہوئے تیسری حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کاآغاز ممکنہ سیلاب زدگان اضلاع سے کیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی سطح پرحفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کے انچارچ سردارعاشق حسین ڈوگر ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن اورڈویژن کی سطح پرعلیحدہ علیحدہ انچارجز تعینات کئے گئے ہیں جو ویکسینیشن مہم کی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈیزیزسرویلنس لیبارٹری پنجاب کوویکسین کی ترسیل اورسپلائی کوکولڈ چین سسٹم کے ذریعے یقینی بنانے کے پابندہیں۔

ارشدجٹ نے کہاکہ اس سلسلہ میں کسی قسم کی شکایت کے ازالے کے لیے مویشی پال حضرات متعلقہ نمبردار، ایم پی اے، ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسریامحکمہ لائیوسٹاک کی ہیلپ لائن نمبر08000-9211پررابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ کے افسران اوراہلکاران جوسخت گرمی اورماہ رمضان کے دوران حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کوکامیاب بنانے کے لیے رات دن سرگرم عمل ہیں کی کارکردگی پراطمینان کااظہارکیا۔