صوبائی وزیر خوراک منظور وسان کا محکمہ خوراک کے دفاتر کا اچانک دورہ، افسران کو پابندی وقت کی ہدایات

محکمہ خوراک میں گڈ گورننس اولین ترجیح ہے ‘ کسی بد انتظامی کو برداشت نہیں کروں گا ، منظور وسان

بدھ 1 جولائی 2015 18:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) سندھ کے وزیر خوراک اور معدنیات و معدنی ترقی منظور وسان نے گزشتہ روز سندھ سیکریٹریٹ میں محکمہ خوراک کے دفاتر کا اچانک دورہ کیا ۔ وہ سیکریٹری خوراک ‘ ایڈیشنل سیکریٹری خوراک‘ ڈائریکٹر خوراک‘ سیکشن افسران اور دیگر افسران کے دفاتر میں گئے اور موجود افسران سے ان کے کام اور کارکردگی کے بارے میں استفسار کیا ۔

انہوں نے غیر حاضر افسران و عملے کو تنبیہ کئے جانے اور پابندی اوقات سختی سے اختیار کرنے کی ہدایات دیں ۔دورے کے فوری بعد صوبائی سیکریٹری خوراک لئیق احمد نے صوبائی وزیر منظور حسین وسان کو محکمہ خوراک اور اس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک منظور حسین وسان نے واضح کیا کہ محکمہ میں گڈ گورننس کے ذریعے عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ کسی قسم کی بدانتظامی اور بدعنوانی کو ہرگز معاف نہیں کریں گے ۔انہوں نے محکمے کے ایسے افسران جو کسی قسم کے بدعنوانیوں کے کیسز میں ملوث ہیں ان کے کیسز کی فہرست طلب کی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ میں آن پے اسکیل پر تقرریاں برداشت نہیں کی جائیں گی ۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے گوداموں اور ان میں موجود گندم کے ذخائر کی مقدار ‘ مالیت ‘ انہیں محفوظ رکھنے اور بروقت اور مناسب طریقے سے مارکیٹ تک پہنچانے کی تفصیلات بھی طلب کیں اور ہدایات دیں کہ صوبے کے عوام کو مناسب ترین قیمتوں پر گندم کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے صوبائی سیکریٹری خوراک کو ہدایت کی کہ دیانتدار افسران کے چناؤ کے ذریعے کارکردگی کو بہتر بنائیں ۔ انہوں نے آئندہ ہفتے محکمہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کئے جانے اور مکمل کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات بھی دیں ۔

متعلقہ عنوان :