داماد کے اغوا ء کا معاملہ، خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز اور ام حسان کا وفاقی وزیرداخلہ کو خط

بدھ 1 جولائی 2015 18:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) خطیب لال مسجد اور پرنسپل جامعہ سیدہ حفصہ نے اپنے داماد کے اغوا کا نوٹس لینے کے لئے وفاقی وزیرداخلہ کو خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز اور پرنسپل جامعہ سیدہ حفصہ ام حسان نے آج(بدھ کو)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کو اپنے دامادحافظ سلمان ایڈووکیٹ کے اغوا کے معاملے میں خط لکھ دیا ہے۔

ترجمان شہداء فاؤنڈیشن حافظ احتشام احمد نے وفاقی وزیرداخلہ کے پرسنل سیکریٹری سے ملاقات کرکے مولانا عبدالعزیز اور ام حسان کا خط وفاقی وزیرداخلہ کو پہنچایا۔خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز اور پرنسپل جامعہ حفصہ ام حسان نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے نام خط میں اپنے داماد حافظ سلمان ایڈووکیٹ کے اغوا کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ’’ہمارے داماد سلمان ایڈووکیٹ کو ایک ہفتہ قبل حکومتی اداروں کے اہلکاروں نے لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن میں واقع ان کی رہائش گاہ سے اغوا کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے خاندان نے پہلے ہی بہت صدمے سہے ہیں۔لہٰذا آپ سے درخواست ہے کہ اپنی خصوصی توجہ فرماکر حافظ سلمان ایڈووکیٹ کے اغوا کے معاملے کو فوری طور پر حل کریں‘‘۔شہداء فاؤنڈیشن آف پاکستان(لال مسجد)نے خطیب لال مسجد کے داماد کے اغوا کے معاملے میں تاحال کسی بھی قسم کی پیش رفت نہ ہونے پر مشاورتی اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔اجلاس میں مولانا عبدالعزیز کے داماد کی ایجنسیز کی تحویل سے بازیابی کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔