وزارت تجارت جی ایس پی پلس کے پہلے جائزے کیلئے مکمل تیارہے ،گزشتہ سال دیگرمسائل کے باوجود جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان کی تجارت کو استحکام ملا ، یورپی یونین میں پاکستان کی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ ہوا

وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر کی جرمن سفیر ڈاکٹر سرل نن سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 1 جولائی 2015 18:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ وزارت تجارت جی ایس پی پلس کے پہلے جائزے کیلئے مکمل طورپرتیارہے ،گزشتہ سال دیگرمسائل کے باوجود جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان کی تجارت کو استحکام ملا اور یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں تقریباً20 فیصد اضافہ ہوا،بدھ کووہ یہاں جرمن سفیر ڈاکٹر سرل نن سے الوداعی ملاقات کے دوران گفتگوکررہے تھے۔

دوران ملاقات جرمن سفیر کاکہناتھا کہ جرمنی پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے لئے گئے اقدامات کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیرتجارت نے کہا کہ وہ جرمنی کے پاکستان کیلئے خیر سگالی کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،جی ایس پی پلس کے حصول میں جرمنی کی پاکستان کیلئے حمایت سے ثابت ہو گیا کہ جرمنی پاکستان کا حقیقی دوست ہے اور دوسرے مما لک کو بھی پاکستان کی حمایت پر آمادہ کر کے جرمنی نے ثابت کیا کہ وہ پاکستانی عوام کی معاشی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس امرکو بھی سراہا کہ جرمنی نے آنے والے سالوں میں پاکستان کو جی ایس پی پلس کیلئے حمایت کا یقین دلایا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حال ہی میں جرمن وفد نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا اس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔واضح رہے کہ تجارتی تعلقات میں مزید بہتری کیلئے وزیر تجارت آئندہ چند ماہ میں ملک کے نمایاں کاروباری حضرات کے ہمراہ جرمنی کا دورہ کریں گے اور جرمنی کے مختلف شہروں کے چیمبرز آف کامرس میں کاروباری حضرات سے ملاقات کریں گے۔

وفاقی وزیر نے جرمن سفیر کو بتا یا کہ وزارت تجارت جرمنی میں ہونے والی تجارتی نمائشوں میں پاکستان کی شمولیت کو یقینی بنائے گی، اس ضمن میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان جلد ہی اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔ جرمن سفیر رواں ماہ میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے

متعلقہ عنوان :