وزیر اعظم نے کراچی میں پانی کی فراہمی کے میگا پروجیکٹ ’’ کے فور ‘‘ کو دو سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ،منصوبے میں شفافیت برقرار رکھنے اور جلد تکمیل کیلئے نگراں کمیٹی قائم

بدھ 1 جولائی 2015 18:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وزیر اعظم نے کراچی میں پانی کی فراہمی کے میگا پروجیکٹ ’’ کے ۔ فور ‘‘ کو دو سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ منصوبے میں شفافیت کو برقرار رکھنے اور جلد تکمیل کے لیے ایک نگراں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے ، جو وفاقی اور سندھ حکومتوں کے حکام پر مشتمل ہو گی ۔ یہ ہدایت انہوں نے بدھ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کراچی کے میگا پروجیکٹس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ سندھ ، وفاقی وزراء ، صوبائی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو پانی کی فراہمی کے منصوبے ’’ کے ۔ فور ‘‘ اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے ’’ ایس ۔

(جاری ہے)

تھری ‘‘ اور ٹرانسپورٹ کے منصوبے ’’ گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم ‘‘ پر بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم کے ذریعہ 260 ایم جی ڈی پانی کینجھر جھیل سے حاصل کیا جائے گا ۔

یہ منصوبہ تین حصوں میں مکمل ہو گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کے فور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق نے گذشتہ مالی سال منصوبے پر دو ارب روپے دیئے ۔ یہ فنڈز کم تھے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے وفاق 10 ارب روپے گرانٹ فراہم کر سکتا ہے ۔ انہوں نے ایس تھری منصوبے کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعظم کو بتایا گیاکہ گرین لائن بس منصوبہ وفاقی حکومت کا منصوبہ ہے ۔ اس منصوبے کے تحت 17.8 کلو میٹر ٹریک تعمیر کیا جائے گا ۔ 21 اسٹیشنز شامل ہوں گے ۔ اس منصوبے کے لیے وفاق 8 ارب روپے جاری کر چکا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ وفاق کی جانب سے کراچی کے عوام کے لیے تحفہ ہے ۔ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ۔ کراچی میں جدید سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کے فور منصوبہ وفاقی اور سندھ حکومت مل کر مکمل کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :