پاکستانیوں کی روہنگیا مسلمانوں کی بقاء کیلئے انفرادی و حکومتی کاوشیں قابلِ تقلیدہیں، گلوبل روہنگیا سینٹر

بدھ 1 جولائی 2015 18:35

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) روہنگیا مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم گلوبل روہنگیا سینٹر نے پاکستان کی جانب سے مسئلہ روہنگیا کو اجاگرکرنے کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی باشندوں کی جانب سے انسانی ہمدردیوں کی بنیادوں پر کیے جانے والے اقدامات نے ثابت کردیا کہ پاکستانیوں کے دِل دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، امریکی صدر اوباماسمیت عالمی راہنماؤں کا روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے حکومتِ میانمار کو تلقین کرنا ایک اہم پیش رفت ہے۔

اسلام آباد سیکرٹریٹ کے مطابق صدر گلوبل روہنگیا سینٹرشیخ عبداﷲ معروف نے اپنے پیغام میں مشہور ٹی وی میزبان وقارذکاء کے حالیہ کامیاب دورہ اراکان پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بہادرانہ اقدام قرار دیا، وقارذکاء نے میانمار کے مسلمان علاقے اراکان میں بسنے والے مسلمانوں کورمضان کے مبارک مہینے میں مالی امداد کی فراہمی کیلئے دورہ کیا تھا، جس کے دوران انہیں سخت مصائب و مشکلات کا بھی شکار ہونا پڑا۔

(جاری ہے)

مشہور پاکستانی سماجی راہنماء انصار برنی کے حوالے سے شیخ عبداﷲ معروف نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی مشکلات کا مشاہدہ کرنے اورپرامن حل کیلئے اقدامات تجویز کرنے کی خاطرسابق وزیربرائے انسانی حقوق کا دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دورہ ملائشیا، تھائی لینڈ اور دیگر ہمسایہ ممالک میں پناہ گزین روہنگیا مسلمانوں کیلئے باعزت وطن واپسی کا راستہ کھولنے میں معاون ثابت ہوگا،گلوبل روہنگیا سینٹر کے صدر نے میانمار حکومت کی جانب سے وطن واپس آنے والے روہنگیا مسلمانوں کی وسیع پیمانے پر گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مثبت کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی۔

مزید براں، گلوبل روہنگیا سینٹر کے مطابق بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی مختلف تنظیمیں بشمول اوورسیز پاکستان سولیڈیریٹی تسلسل سے احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کراکر عالمی ضمیر کو جگانے میں بھرپور کردار ادا کررہی ہیں، جس والہانہ انداز میں پاکستانیوں ، سیاسی و سماجی تنظیموں سے وابستہ افراد کی کثیر تعدادنے روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا وہ جذبہ ناقابلِ فراموش ہے۔

متعلقہ عنوان :