مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاک ،بھارت مذاکرات کیساتھ انٹرا کشمیر ڈائیلاگ کا ہونا بھی ضروری ہے، بیرسٹر سلطان چودھری

بدھ 1 جولائی 2015 18:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے جہاں پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت ضروری ہے وہاں پر انٹراء کشمیر ڈائیلاگ کا ہونا بھی از بس ضروری ہے تاکہ دونوں اطراف کی کشمیر ی قیادت مسئلہ کشمیر کے حل اور پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے لئے ایک پل کا کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ پرسری لنکاکی ہائی کمشنر وجیانتی ادھیری سنگھے سے ایک گھنٹہ کی تفصیلی ملاقات میں کیا۔بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہیں اس لئے ان کا پاک ، بھارت مذاکرات میں شامل ہو نا بھی ضروری ہے کشمیریوں نے پچھلے سڑسٹھ برس میں بہت تشدد دیکھا ہے اور اب وہ امن کے خواہاں ہیں ۔ بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا کہ سری لنکا بھی بہت سے بحرانوں سے گزر چکا ہے اور وہ کشمیریوں کے جذبات کو بہتر انداز میں سمجھ سکتا ہے اب کشمیر میں امن کے لئے کوششیں کی جانی چاہیں۔بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے آزاد کشمیر اور سری لنکا کے درمیان سیاحت کے فروغ کے لئے بھی اقدامات پر بات چیت کی۔