Live Updates

عدالت نے ہرجانہ کیس میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان کو ہائی کورٹ سے حکم امتناعی کے حصول کیلئے وقت دے دیا

11جولائی تک سیشن کورٹ کے فیصلہ کے خلاف حکم امتناعی نہیں لایا گیاتو کاروائی کی جائے گی،عدالت کاحکم

بدھ 1 جولائی 2015 19:45

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ہرجانہ کیس میں عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کو ہائی کورٹ سے حکم امتناعی کے حصول کے لیے وقت دے دیا ،عدالت نے فیصلہ میں کہا ہے کہ اگر گیارہ جولائی تک سیشن کورٹ کے فیصلہ کے خلاف حکم امتناعی نہیں لایا جا تا تو کاروائی کی جائے گی ۔بدھ کو قائمقام سیشن جج کامران بشارت مفتی نے سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی طرف سے عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس کی سماعت کی تو سابق چیف جسٹس کی طرف سے شیخ احسن الدین اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے کرن ایوب کنول ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے کہاکہ ماتحت عدلیہ کے فیصلہ کے خلاف نظرثانی کی اپیل ہائیکورٹ میں دائرکی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ میں نظر ثانی کی درخواست پرتاریخ مقرر نہ کی گئی۔ جلد تاریخ مقررکرنے کے لئے درخواست دائرکردی ہے۔ افتخارمحمد چوہدری کے وکیل نے کہا کہ عمران خان اوروکیل عدالت کا مذاق اڑارہے ہیں۔ عدالت کے فیصلہ کا احترام نہیں کیا جا رہا۔

ہائیکورٹ کی طرف سے معطلی کا کوئی حکم نہیں آیا۔فریقین کے وکلاء کے دلائل کے بعد عدالت نے نظرثانی کی درخواست پرتاریخ نہ ملنے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے بابراعوان کو ہائیکورٹ سے حکم امتناع کے حصول کا وقت دے دیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بابراعوان گیارہ جولائی تک سیشن کورٹ کے فیصلہ کیخلاف حکم امتناعی لے آئیں،ورنہ کارروائی ہو گی۔ بابراعوان نے افتخارچوہدری کے وکلاء کی جانب سے ذاتی تعصب کی درخواست پرجواب جمع نہیں کرایا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :