کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو سیکولر بنانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں‘حافظ محمد سعید

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے تحت تھرپارکرسمیت ملک بھر میں کروڑوں روپے مالیت کے منصوبہ جات کام کر رہے ہیں،امیر جماعةالدعوة پاکستان

بدھ 1 جولائی 2015 20:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو سیکولر بنانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں۔ پاکستانی قوم کو فکری انتشار کا شکار اور اس کا اسلامی تشخص تبدیل کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔وطن عزیزسے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اتحادویکجہتی کا ماحول اور قیام پاکستان کے جذبے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے تحت تھرپارکرسندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں کروڑوں روپے مالیت کے رفاہی منصوبہ جات کام کر رہے ہیں۔ برما سے ہجرت کر کے انڈونیشیا آنے والے مسلمانوں کیلئے شیلٹرز کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ وہ گوجرانوالہ میں گوندلانوالہ کے مقامی شادی ہال میں درس قرآن کے ایک بڑے اجتماع اور چن دا قلعہ میں افطار پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہا ہے۔ مودی نے دورہ بنگلہ دیش کے دوران ڈھاکہ میں واجپائی کا ایوارڈ وصول کرتے وقت جو باتیں کیں انہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔

بھارتی وزیر اعظم نے اعلانیہ طور پر یہ بات قبول کی ہے کہ مشرقی پاکستان بنانے میں انڈیا کا بہت بڑا کردار تھا۔اس کا صاف مطلب یہی ہے کہ بھارت نے بین الاقوامی سطح پرقرار دی گئی دہشت گردی کا جرم قبول کیا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ وہ دہشت گردی خود کروا رہا ہے اور الزامات ہمیشہ پاکستان پر لگاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن تھرپارکر سندھ میں ساڑھے آٹھ سو کنوؤں کی تعمیر کا کام مکمل کر چکی اور اس سال کے اختتام پر ان شاء اللہ گیارہ سو کنوؤں کی تعمیر مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔

جماعةالدعوة تھرپارکر میں بلا تفریق رنگ و نسل لوگوں کی خدمت کر رہی ہے اور دور دراز علاقوں میں پہنچ کر وہاں کے رہائشیوں کو خوراک و طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ کشمیریوں کی تحریک آزادی عروج پر پہنچ چکی۔ وہ آئے دن سبز ہلالی پرچم لہرا کر پاکستان سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے اسے بھی جرأتمندانہ کردار ادا کرتے ہوئے انہیں غاصب بھارت کے پنجہ استبداد سے چھڑانے کیلئے عملی کردار ادا کرناچاہیے۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں او رسعادتوں والامہینہ ہے۔ہر شخص کو چاہیے کہ وہ اپنے عقائد و اعمال کی اصلاح کرے ۔ اللہ تعالیٰ کی ناراضگی والے کاموں کو ترک کیاجائے۔ زیادہ سے زیادہ توبہ و استغفارکرنے کو اپنا معمول بنایاجائے اور ملک و ملت کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں ومظلوم مسلمانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مددوحمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :