پاکستانیوں کی روہنگیا مسلمانوں کیلئے کاوشیں قابلِ تقلید ہیں، صدر شیخ عبداللہ معروف

امریکی صدر اوباما کا میانمار حکومت کو تلقین کرنا اہم پیش رفت ہے: گلوبل روہنگیا سینٹرکے سینئر نمائندے کی میاں کامران سیف سے ٹیلیفونک گفتگو، صدر شیخ عبداللہ معروف کا پاکستانیوں کے نام خصوصی پیغام پہنچایا

بدھ 1 جولائی 2015 20:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) روہنگیا مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم گلوبل روہنگیا سینٹر نے پاکستان کی جانب سے مسئلہ روہنگیا کو اجاگرکرنے کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی باشندوں کی جانب سے انسانی ہمدردیوں کی بنیادوں پر کیے جانے والے اقدامات نے ثابت کردیا کہ پاکستانیوں کے دِل دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، امریکی صدر اوباماسمیت عالمی راہنماوٴں کا روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے حکومتِ میانمار کو تلقین کرنا ایک اہم پیش رفت ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلوبل روہنگیا سینٹر کے سینئر نمائندے نے بدھ کے روز لاہور کی نامور سماجی و سیاسی شخصیت میاں کامران سیف سے ٹیلیفونک گفتگو میں اراکانی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کیلئے شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر گلوبل روہنگیا سینٹرشیخ عبداللہ معروف کا پاکستانیوں کے نام خصوصی پیغام پہچایا جس میں روہنگیا لیڈر نے مشہور ٹی وی میزبان وقارذکاء کے حالیہ کامیاب دورہ اراکان پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بہادرانہ اقدام قرار دیا، وقارذکاء نے میانمار کے مسلمان علاقے اراکان میں بسنے والے مسلمانوں کورمضان کے مبارک مہینے میں مالی امداد کی فراہمی کیلئے دورہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

مشہور پاکستانی سماجی راہنماء انصار برنی کے حوالے سے شیخ عبداللہ معروف نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی مشکلات کا مشاہدہ کرنے اورپرامن حل کیلئے اقدامات تجویز کرنے کی خاطرسابق وزیربرائے انسانی حقوق کا دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دورہ ملائشیا، تھائی لینڈ اور دیگر ہمسایہ ممالک میں پناہ گزین روہنگیا مسلمانوں کیلئے باعزت وطن واپسی کا راستہ کھولنے میں معاون ثابت ہوگا،گلوبل روہنگیا سینٹر کے صدر نے میانمار حکومت کی جانب سے وطن واپس آنے والے روہنگیا مسلمانوں کی وسیع پیمانے پر گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مثبت کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی۔

مزید براں، گلوبل روہنگیا سینٹر کے مطابق بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی مختلف تنظیمیں بشمول اوورسیز پاکستان سولیڈیریٹی تسلسل سے احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کراکر عالمی ضمیر کو جگانے میں بھرپور کردار ادا کررہی ہیں، جس والہانہ انداز میں پاکستانیوں ، سیاسی و سماجی تنظیموں سے وابستہ افراد کی کثیر تعدادنے روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا وہ جذبہ ناقابلِ فراموش ہے۔میاں کامران سیف نے گلوبل روہنگیا سینٹر کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے باہمی جدوجہد میں تیزی لانے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :