جی ایس پی پلس کے کامیاب ریویو کیلئے تیاری مکمل کر لی ہے ،انجینئر خرم دستگیر خان

گزشتہ سال تمام مسائل کے باوجود جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان کی تجارت کو استحکام ملا، یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں قریباًبیس فیصد اضافہ ہوا،وفاقی وزیر تجارت

بدھ 1 جولائی 2015 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجنیئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزارت تجارت نے جی ایس پی پلس کے کامیاب ریویو کیلئے تیاری مکمل کر لی ہے، گزشتہ سال تمام مسائل کے باوجود جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان کی تجارت کو استحکام ملا اور یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں قریباًبیس فیصد اضافہ ہوا،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان میں متعین جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سرل نن سے الوداعی ملاقات کے دوران کیا۔

جرمن سفیر رواں ماہ میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے لئے گئے اقدامات کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرتجارت نے کہا کہ وہ جرمنی کے پاکستان کیلئے خیر سگالی کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،جی ایس پی پلس کے حصول میں جرمنی کی پاکستان کیلئے حمایت سے ثابت ہو گیا کہ جرمنی پاکستان کا حقیقی دوست ہے اور دوسرے مما لک کو بھی پاکستان کی حمایت پر آمادہ کر کے جرمنی نے ثابت کیا کہ وہ پاکستانی عوام کی معاشی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

انھوں نے اس امرکو بھی سراہا کہ جرمنی نے آنے والے سالوں میں پاکستان کو جی ایس پی پلس کیلئے حمایت کا یقین دلایا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حال ہی میں جرمن وفد نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا اس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔تجارتی تعلقات میں مزید بہتری کیلئے وزیر تجارت آئندہ چند ماہ میں ملک کے نمایاں کاروباری حضرات کے ہمراہ جرمنی کا دورہ کریں گے اور جرمنی کے مختلف شہروں کے چیمبرز آف کامرس میں کاروباری حضرات سے ملاقات کریں گے۔

وفاقی وزیر نے جرمن سفیر کو بتا یا کہ وزارت تجارت جرمنی میں ہونے والی تجارتی نمائشوں میں پاکستان کی شمولیت کو یقینی بنائے گی، اس ضمن میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان جلد ہی اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے پاکستان کی تجارت پر انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور آئندہ چند برسوں میں اس میں مزید بہتری ہوگی

متعلقہ عنوان :