حکمران معافیوں تلافیوں کی بجائے بجلی کے بحران کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں‘ مولانا عبدالوہاب روپڑی

بدھ 1 جولائی 2015 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) حکمران معافیوں تلافیوں کی بجائے بجلی کے بحران کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ جان لیوا گرمی کے موسم میں لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا غریب عوام کو صبر کا مشورہ دینے والے بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ایئرکنڈیشنڈ محلوں اور گاڑیوں میں رہنے والوں کو عوام کے مسائل کا احساس ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے رہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی ، مولانا شکیل الرحمن ناصر، عبدالوحید شاہد و دیگر رہنماؤں نے گذشتہ روز اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج ہو کر بھاری مینڈیٹ حاصل کرنیوالی (ن )لیگ اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔میٹرو بس سمیت دیگر کاوشوں کی افادیت اپنی جگہ مگر جان لیوا گرمی میں بجلی کا بحران انتہائی قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

گرمی کی شدت خطرناک حد سے تجاوز کر چکی ہے۔ بے حساب ناقابل تلافی جانی نقصان ہو چکا ہے۔ سینکڑوں لوگ ہیٹ سٹروک اور بجلی کی عدم دستیابی کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں اور بے شرمی کی انتہا ہے کہ صوبائی و وفاقی حکومت کے پاس محض طفل تسلیوں اور صبر کے مشوروں کے سوائے کچھ نہیں۔

لاشوں پر سیاست کرنے والے اللہ کے عذاب سے ڈریں۔ مولانا شکیل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی بحران کے خاتمے کو اولین ترجیحات میں شامل کرے اور لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے عوام کو نجات دلانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے بصورت دیگر سابقہ حکومت کی طرح مسلم لیگ (ن) کے شاہی تخت کو بھی عوام تختہٴ دار میں بدل دینگے۔

متعلقہ عنوان :