یونانی وزیراعظم معمولی تبدیلی کے ساتھ قرض خواہوں کی شرائط قبول کرنے پر آمادہ

بدھ 1 جولائی 2015 20:37

ایتھنز(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) یونانی وزیراعظم نے معمولی تبدیلیوں کے ساتھ عالمی مالیاتی فنڈ سمیت ملک کے قرض خواہوں کی شرائط قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔برطانوی اخبار کو ملنے والے اْس خط کے مطابق جو یونانی وزیراعظم ایلکسز تیسپراس نے قرض خواہ اداروں کو لکھا ہے ، یونانی حکومت نے وہ ساری شرائط ماننے پر آمادگی ظاہر کی ہے جو یورپی اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات میں تعطل پیدا ہونے سے پہلے عائد کی جا رہی تھیں۔

یونان کی طرف سے شرائط قبول کرلینے کے امکان پر یورپی حصص بازاروں میں فوری تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ گزشتہ روز معطل ہونے کے بعد یونانی وزیراعظم نے ان ہی شرائط پر ملک میں آئندہ اتوار کو ریفرینڈم کرانے کا اعلان کردیا تھا اور وزیرخزانہ نے گزشتہ روز ایک عوامی ریلی میں لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اِن شرائط کو مسترد کردیں۔

(جاری ہے)

مشترکہ سکے یورو کے وزرائے خزانہ نے یونان کے لیے امدادی پیکیج کی مدت بڑھانے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد یونان آئی ایم ایف کو ایک اعشاریہ چھ ارب یورو کا قرض واپس نہیں کرپایا تھا۔

یونان یورپ کا وہ پہلا ملک ہے جو آئی ایم ایف کو قرض کی ادائیگی سے قاصر رہا ہے۔یونانی حکومت چاہتی تھی کہ یونانی جزائر کے لیے ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں رعایت برقرار رکھی جائے اور ریٹائرمنٹ کی عمر کو فوری طور پر 67 برس تک بڑھانے کے بجائے اِس فیصلے کو اکتوبر تک ٹال دیا جائے۔دوسری جانب جرمنی کے وزیرِخزانہ وولف گینگ شوابل نے کہا ہے کہ امدادی پیکج پر یونان کے ساتھ اب اتوار کے ریفرینڈم سے پہلے مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :