ڈالرز کے پجاری حکمرانوں نے ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا ‘محمد جمیل ملک

عوام کو پراڈو اور پیجارو کلچر سے باہر نکل کر متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کو آگے لانا ہوگا،صدر پاکستان جمہوری اتحاد

بدھ 1 جولائی 2015 20:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ ڈالروں کے پجاری حکمرانوں نے ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا ،ہر پیدا ہونیوالا بچہ بھی اپنے ساتھ قرض لیکر دنیا میں آرہا ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کو غریب عوام سے کوئی سروکار نہیں صرف ڈالروں سے پیار ہے اورڈالرجمع کرنے کی دوڑ نے انکی آنکھوں پرہوس زر کی پٹی چڑھا رکھی ہے،قوم نے دیکھ لیا کہ زرداری اور شریفوں میں کوئی فرق نہیں، دونوں نے میگا کرپشن ، لوٹ مار اوراقرباپروری کے نئے نئے ریکارڈ قائم کئے، اب عوام کوبھی اپنی سوچ تبدیل کرلینی چاہیئے ، قوم اگر ملک میں عدل وانصاف پر مبنی معاشرے کا قیام اورآئین اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے تو موجودہ نظام کیخلاف عملی جدوجہد کیلئے میدان میں نکلنا ہوگا،ہم چہروں کی تبدیلی کیخلاف ہیں جب تک نظام تبدیل نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے،عوام کو پراڈو اور پیجارو کلچر سے باہر نکل کر متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کو آگے لانا ہوگا،جب تک اسمبلیوں میں جاگیردار،وڈیرے اور سرمایہ دار موجود ہیں قوم کا ایک بھی مسئلہ حل ہونے کی توقع نہیں،عام آدمی کو سہانے خواب دکھا کرہمدردیاں حاصل کرنیوالے اراکین اسمبلی سرکار کے پیسے سے عیش وعشرت کی زندگی بسر کررہے ہیں، ان لٹیروں کو میدان سیاست سے آوٴٹ کرنے کیلئے عوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی

متعلقہ عنوان :