رمضان بازاروں کی چیکنگ ، غفلت پر مارکیٹ کمیٹی پتوکی کا انسپکٹر معطل، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو نوٹس جاری

وزیرزراعت فرخ جاوید کے پتوکی ، بھائی پھیرو اور چونیاں رمضان بازاروں کے دورے،ناقص کارکردگی پرافسروں کے خلاف کارروائی صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن کی لاہورمیں شادباغ، وحدت کالونی، ندیم شہیدروڈ اور دیگر رمضان بازاروں میں چیکنگ

بدھ 1 جولائی 2015 21:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے نرخ ، معیار اور رسدکی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے وزراء کے اچانک دورے جاری ہیں،رمضان بازاروں میں خریداری کے لئے آنے والے بزرگ شہریوں اور خواتین کی سہولت کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، کم وزن تولنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی جاری ہے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں مختلف رمضان بازاروں کے اچانک دورے کرکے اشیائے خوردونوش کی چیکنگ کررہی ہیں اور غیرمعیاری و مضرصحت اشیاء کوموقع پر تلف کردیا جاتا ہے۔

صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے پتوکی رمضان بازار کے اچانک دورے کے دوران ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر انسپکٹر مارکیٹ کمیٹی کو معطل کردیا اور ڈیوٹی سے غیرحاضر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو شوکاز نوٹس جاری کروادیا۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نے سٹالز پرجا کر پھلوں، سبزیوں ، گرین چینل شاپس اوردیگراشیائے خوردونوش کے معیار اور نرخ کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے خریداری کے لئے آنے والے شہریوں سے اشیائے صرف کے بارے میں دریافت کیا ۔

صوبائی وزیر نے بھائی پھیرو اور چونیاں کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اورصفائی کا انتظام بہتر کرنے کی ہدایت کی ۔صوبائی وزیر نے اشیائے خوردونوش کے یکساں نرخ مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی۔ صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن مجتبی شجاع الرحمن نے لاہور میں شاد باغ، وحدت کالونی ، ندیم شہید روڈ اور دیگر رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اور خریداری کے لئے آنے والے شہریوں سے رمضان بازار کے اقدامات اور اشیائے صرف کے بارے میں دریافت کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے سٹالز بھی لگائے گئے ہیں ۔صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے مختلف رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور سٹالز پر نرخنامے نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے گوشت کی کوالٹی کو بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔