حکومت خواتین کی ترقی اور انہیں معاشرے میں فعال و باعزت مقام کی غرض سے خصوصی توجہ دے رہی ہے‘ بلال یاسین

وزیر خوراک نے ڈگری کالج بلال گنج میں مورا سکالر شپ کے تحت 196 مستحق طالبات میں 8 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے

بدھ 1 جولائی 2015 21:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء)صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بلال گنج لاہور میں منعقدہ تقریب میں مورا سکالر شپ کے تحت 196 مستحق طالبات میں 8 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے ۔ تقریب میں پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بلال گنج ڈاکٹر نائمہ ، سینئر سٹاف اور کالج کونسل کے معززین و طالبات کے والدین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب تقسیم چیک سے قبل صوبائی وزیر بلال یاسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تعلیم کے شعبہ میں خواتین کو آگے لانے ، انہیں معاشرے میں فعال اور باعزت مقام دینے کی غرض سے خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ خواتین تعلیم حاصل کر کے معاشرہ میں مردوں کے شانہ بشانہ ملک کی ترقی میں حصہ لے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ مستحق طالبات میں مورا سکالر شپ کے تحت 4 ہزار 500 روپے فی کس رقم سے طالبات کی بہت سی تعلیمی ضروریات پوری ہوں گی اس طرح وہ اپنی تعلیم کو بھی آگے جاری رکھ سکیں گی ۔

بعد ازاں صوبائی وزیر کو کالج میں نئی کمپیوٹر لیب کا وزٹ بھی کرایا گیا اور انہیں کیئر سنٹر بھی دکھایا گیا جہاں پر سٹاف اور ورکنگ وویمن اپنے بچوں کو چھوڑ کر اپنی ملازمت پر توجہ دے سکتی ہیں ۔