دہشتگردی ،بدعنوانی اور ناقص حکمرانی ایک جیسی برائیاں ہیں‘ڈاکٹر طاہر القادری

رمضان میں مہنگائی، لوڈشیڈنگ بڑھی، 15سو اموات مک مکا کا سیاسی کلچر نگل گیا،حکومت قومی ایکشن پلان فوج کے سپرد کر کے میٹرو بسیں چلانے کے کام پر لگ گئی ‘قائد عوامی تحریک

بدھ 1 جولائی 2015 21:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی، بدعنوانی اور ناقص حکمرانی ایک جیسی برائیاں ہیں،رمضان المبارک میں مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور عوام کی مشکلات بڑھیں،حکمران عوام کو بجلی، پانی ،روزگار، انصاف نہیں دے سکتے تو عوامی خدمت کے آئینی ایوان خالی کر دیں، کراچی میں لوڈشیڈنگ کے باعث ہونے والی 15سو اموات مک مکا کا سیاسی کلچر نگل گیا۔

وہ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کیلئے آئے ہوئے سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی اورشیخ زاہد فیاض ،قاضی فیض الاسلام، راجہ زاہد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دہشتگردی،بدعنوانی اور توانائی کے بحران نے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران 2سال سے کرپشن کے میگا سکینڈل پر پردہ ڈال رہے تھے سپریم کورٹ نے ان سکینڈلز کی رپورٹ طلب کر لی ہے ،امید ہے دہشتگردی کے خلاف ضرب عضب آپریشن کی طرز پر حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف بھی آپریشن منطقی انجام تک پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے 80فیصد حصہ پر حکمرانوں نے عملدرآمد کرنا تھا جو نہیں ہو ا چونکہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ان حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔

دہشتگرد فوج کے آپریشن کے باعث زیر زمین چلے گئے جس کی وجہ سے بظاہر امن نظر آتا ہے لیکن انتہا پسندی کے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے اور دہشتگردی کی نرسریوں کو ختم کرنے کے حوالے سے جو کام حکومت کے کرنے کے تھے وہ 7 ماہ گزر جانے کے بعد بھی نہیں ہوئے ۔حکمران قومی ایکشن پلان فوج کے سپرد کر کے خود سڑکوں ،بڑھکوں اور میٹرو بسوں کو چلانے کے کام پر لگ گئے کیونکہ ان کاموں میں کمیشن اور بڑی بڑی کک بیکس ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے قومی ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے کیلئے کس قسم کے مجرمانہ کردار کا مظاہرہ کیا بہت جلد اس سے پردہ اٹھاؤں گا ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی،سماجی حلقے دانشور اور صحافی حضرات پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی حکومتی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی پامالی پرآواز بلند کریں اور طاقتور مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے حوالے سے اپنا قومی کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم قومی بین الاقوامی ہر سطح پر اس حکومتی دہشتگردی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ۔ہر جائز اور قانونی فورم پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف صدائے احتجاج بلند کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو سزائیں دلوا کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ظالموں کو سوسائٹی کے کمزور طبقات پر ظلم کرنے سے روک دیں گے۔سردار آصف احمد علی نے کہا کہ ظلم کے خاتمے اور آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے آئینی حقوق کی بازیابی کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد کے پہلے بھی ساتھ تھا اور آئندہ بھی ساتھ رہوں گا۔

متعلقہ عنوان :