صوبائی حکومت نے ملکی اور غیر ملکی میگا سٹی ڈویلپرز کو منصوبے میں رائلٹی کی بنیاد پر سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ،وزیراعلیٰ پرویز خٹک

بدھ 1 جولائی 2015 21:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے بیرونی سرمایہ کاروں اور تعمیراتی ماہرین سے کہا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا کے ہاؤسنگ، انفرسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور زرعی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پرکشش ترغیبات فراہم کر رہی ہے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم کرکے کا م کے معیار کو بہتر کیا جائے۔

یہ باتیں اُنہوں نیوزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک ترک انو سٹمنٹ گروپ کے ساتھ ملاقات میں کیں۔ ترک سرمایہ کاروں کے گروپ نے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ ہاؤسنگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، خوراک اور زرعی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینٹر محسن عزیز، بلدیات اور ہاؤسنگ کے سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔

گروپ نے وزیراعلیٰ کو ترکی اور پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی اور صوبے کے ہاوسنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور ماڈل ٹاون منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت نے ملکی اور غیر ملکی میگا سٹی ڈویلپرز کو دعوت دی ہے کہ وہ اس منصوبے میں رائلٹی کی بنیاد پر سرمایہ کاری کریں جس سے نہ صرف عوام کو رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے سرکاری وسائل کم سے کم خرچ ہوں گے بلکہ صوبے کے عوام کو بہتر رہائشی سہولیات بھی بہت کم وقت میں میسر آسکیں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر کے دیگرمنصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے اور ترک گروپ ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کے احکامات کا جائزہ لے کر فیزبلٹی کی صورت میں رپورٹ پیش کرے جس پر صوبائی حکومت غور کرے گی ۔انہوں نے ترک سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ جلوزئی کے مقام پر ایک ماڈل ٹاؤن بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیں جس کیلئے تین ہزار کنال اراضی موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :