رائے ونڈ، سستا رمضان بازار میں چوری کی واردات سیاسی سازش قرار دیدی گئی

سیاسی مخالفین کو رمضان بازار کی کامیابی برداشت نہیں ہورہی

بدھ 1 جولائی 2015 21:50

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) سستا رمضان بازار میں چوری کی واردات سیاسی سازش قرار دیدی گئی ۔سیاسی مخالفین کو رمضان بازار کی کامیابی برداشت نہیں ہورہی ۔ماڈل بازار کے منیجر کی مخالف لابی کے ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ماڈل بازار میں قائم سستا رمضان بازار کے متعدد سٹالوں سے ہزاروں روپے کی اشیاء خودونوش چوری کرلی گئیں جبکہ ہزاروں کا نقصان کردیا گیا ۔

سٹال ہولڈروں کیپٹن منیر ،شیخ ایوب ،علی حسن ،بابا ہدائت اور شبیر وغیرہ نے بتایا کہ اس سے قبل اس قسم کی چوری کی واردات نہیں۔ واقعہ کی اطلاع پاکرچیئرمین ماڈل بازار ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر کی ہدائت پرچیف کوآرڈی نیٹر ملک عرفان شفیع کھوکھر ،کوآرڈی نیٹر ملک طارق ہمایوں کھوکھر، ٹی ایم او اقبال ٹاؤن علی حسن جعفری اور ایس ایچ او تھانہ سٹی چودھری محمد سرور موقع پر پہنچ گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے منیجر ماڈل بازار میاں عامر اقبال انجم ،انچارج بازار شہزاد صابر ،چیف آفیسر الطاف حسین ، ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی حاجی محمد عباس ملک اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ(ن) رانا نجم سہیل سے دکانداروں کے سامنے انکوائری کی اور موقع بھی ملاحظہ کیا ۔اس موقع پر تحقیق کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ منیجر ماڈل بازار میاں عامر اقبال انجم کی مخالف لابی اور مسلم لیگ (ن) کے سیاسی مخالفین نے ماڈل بازار میں قائم سستا رمضان بازار کو بدنام کرنے کیلئے چوری کی واردات کی سازش رچائی ہے ۔

اس موقع پرچیئرمین ماڈل بازارملک محمد افضل کھوکھر کے نمائندوں ملک عرفان شفیع کھوکھر اور ملک طارق ہمایوں نے کہا کہ وہ متاثرہ سٹال ہولڈروں کے نقصان کی تلافی کریں گے ۔انہوں نے اقبال ٹاؤن انتظامیہ اور مقامی پولیس کو رات کے وقت نفری بڑھانے کی ہدائت کی ۔ادھر چیئرمین ماڈل بازار ملک محمد افضل کھوکھر نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ماڈل بازار میں گروپنگ کا پتہ کروانے کیلئے کمیٹی بنادی ہے ،تاکہ قصور وار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائے جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسلم لیگ(ن) کو عوامی خدمت سے ہٹایا نہیں جاسکتا ،انہوں نے کہا کہ مزید انہیں ماڈل بازار ،مارکیٹ کمیٹی ،سستارمضان بازار اور مقامی مسلم لیگی تنظیم پر مکمل اعتماد ہے ۔انہوں نے کارکنوں کو سستا رمضان بازار انتظامیہ سے مزید تعاون کی ہدائت کی ۔