تمام حکومتی ادارے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ، وفاقی محتسب

وفاقی محتسب کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل ایک ہی چھت کے نیچے حل کرنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سلمان فاروقی

بدھ 1 جولائی 2015 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے تمام حکومتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں کیونکہ ملکی معیشت کیلئے بیرون ملک پاکستانی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وفاقی محتسب سیکرٹرٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی محتسب نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل ایک ہی چھت کے نیچے حل کرنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،92 پاکستانی سفارتخانوں میں فوکل پرسن تعینات کر دیئے گئے ہیں ۔

اجلاس میں وفاقی حکومت کے کم و بیش 32 اداروں کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔ وفاقی محتسب نے بیرون ملک پاکستانیوں کے شکایات کمشنر حافظ احسان احمد کھوکھر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے تمام سرکاری اداروں کے متعدد اجلاس منعقد کیے ہیں اور ان سرکاری اداروں کے اندر فوکل پرسنز مقرر کر دیئے گئے ہیں جو بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہون نے کہا کہ وفاقی محتسب کے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ، بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ویب سائٹ قائم کر دی گئی ہے اور اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء شکایات پر فوری کارروائی ہو رہی ہے۔ وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے کہا کہ انہوں نے دو برس کے دوران ایک لاکھ باون ہزار شکایات نمٹائی ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وفاقی محتسب میں ہر شکایت کا فیصلہ ساٹھ دن میں ہو رہاہے اور اب ہم ضلع اور تحصیل کی سطح پر فیصلے کرنے جارہے ہیں۔

قبل ازیں شکایت کمشنر حافظ احسان کھوکھر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 92 پاکستانی سفارتخانوں میں فوکل پرسن تعینات کر دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے متعلق سرکاری اداروں کے خلاف زیادہ تر شکایات نمٹا دی گئی ہیں۔انہون نے کہا کہ ایف آئی اے ، نادرا، پاسپورٹ آفس، دفتر خارجہ اور او پی ایف سمیت تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

اجلاس میں وزارت خارجہ، نادرا، اے پی پی، او پی ایف، سول ایوی ایشن اتھارٹی، سی ڈی اے، وزارت داخلہ، وزارت مذہبی امور، پی ٹی وی، وزارت اطلاعات، ایئر پورٹ سیکورٹی فورس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، وزارت خزانہ ، سیکورٹی ایکسچینج کمپنی اور اسٹیٹ بنک سمیت 32 سرکاری اداروں کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔