وزیراعظم محمد نواز شریف سے فلاحی تنظیموں کے نمائندوں کی وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ملاقات

بدھ 1 جولائی 2015 22:00

کراچی ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سے فلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے بدھ کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر عبدالباری (انڈس ہسپتال)، رمضان چھیپا (چھیپا ٹرسٹ)، فیصل ایدھی (ایدھی فاؤنڈیشن)، شکیل دہلوی (عالمگیر ٹرسٹ)، یوسف (سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ)، زاہد بشیر (پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن، جے پی ایم سی) اور ڈاکٹر غفار بلو (ہینڈز) شامل تھے۔

وزیراعظم نے کراچی میں حالیہ گرمی کی لہر کے دوران لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ان فلاحی اداروں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پورے ملک کے لئے بہت دکھ کی گھڑی ہے، شہر کے لوگوں کو ان تنظیموں اور اس کے ارکان کی طرف سے فراہم کی جانے والی خدمت گرانقدر ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ اس غیر معمولی صورتحال کے تناظر میں ان اداروں کی حمایت کے بغیر کراچی کے عوام کی مشکلات بڑھ سکتی تھیں۔

انہوں نے مستقبل میں ایسے بحران سے نبرد آزما ہونے کے لئے حکومت کو بہتر طور پر تیار رہنے کے حوالے سے فلاحی اداروں کے نمائندوں سے تجاویز اور آراء بھی طلب کیں۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر ماحولیاتی تبدیلی مشاہد الله خان، وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ ریگولیشن سائرہ افضل تارڑ، چیئرمین این ڈی ایم اے، سندھ کابینہ کے ارکان اور سینئر وفاقی و صوبائی حکام موجود تھے۔