لوڈشیڈنگ پر عوام صبرکی تلقین کرنے والے وزیراعظم نے یہ مشورہ اپنے بھائی کو کیوں نہ دیا؟‘ڈاکٹر رحیق عباسی

ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد سے خوفزدہ حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری مسترد کی ملازمین کی تنخواہوں میں ساڑھے 7 فیصد ،اراکین کی تنخواہوں میں 33فیصد اضافہ زیادتی ہے

بدھ 1 جولائی 2015 22:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد سے خوفزدہ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کی سمری مسترد کی ،اب حکمران عوام پر ظلم کرنے سے پہلے 100بار سوچیں گے ۔گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ پر صبر کا مشورہ دینے والے وزیراعظم نے یہ مشورہ اپنے چھوٹے بھائی میاں شہباز شریف کو کیوں نہیں دیا تھا جو پولیس کی نفری کے ساتھ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور توڑ پھوڑ کرتے رہے؟ اور مینار پاکستان میں دستی پنکھے لے کر لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کا ڈرامہ کرتے رہے اور عوام کو مشتعل کرتے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران مراعات یافتہ طبقہ نے 19 کروڑ عوام کے حقوق سلب کررکھے ہیں۔

(جاری ہے)

غریب ملازمین کی تنخواہوں میں ساڑھے 7فیصد جبکہ مراعات یافتہ اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 33فیصد اضافہ اس کی تازہ ترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 33فیصد اضافہ کیا جائے۔ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کی ممکنہ بغاوت سے بچنے کیلئے وزیراعظم نے ریاستی وسائل ،لالچی اراکین پارلیمنٹ میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ،اس حوالے سے جو ہر ٹاؤن لاہور میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا تجربہ اسلام آباد میں بھی دہرانے کا فیصلہ کیا جا رہاہے۔

وفاقی حکومت زرعی تحقیق کیلئے مختص زمین کو ہاؤسنگ سوسائٹی میں تبدیل کر کے اپنے حاشیہ بردار اراکین اسمبلی میں کوڑیوں کے بھاؤ بانٹنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران سرکاری اراضی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں تبدیل کر کے اربوں کی دہاڑیاں لگارہے ہیں۔ وفاقی حکومت زرعی تحقیق کیلئے مختص زمین کو کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے باز رہے ۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ بھی اس لوٹ مار کا نوٹس لے۔