وزیراعلیٰ سے سٹی اینڈگلڈز کے ریجنل ڈائریکٹر کی قیادت میں وفد کی ملاقات ، ہنر مند افرادی قوت کے حوالے سے تبادلہ خیال

نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے مستقبل کیلئے سرمایہ کاری ہے، پہلے بھی وسائل دئیے ،آئندہ بھی دیں گے،پنجاب حکومت نے آئند تین برس کے دوران 20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے ، بہت وقت پہلے ہی ضائع ہوچکا ہے ،اب سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے کسی کو وقت ضائع نہیں کرنے دوں گا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی سٹی اینڈگلڈز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو وزیراعلیٰ کا کوالٹی سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مستقبل کا روڈ میپ تیار کرنے کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

بدھ 1 جولائی 2015 22:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے آئندہ تین برس کے دوران 20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔نوجوانوں کو با اختیار بنا کر ملک وقوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے - نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے مستقبل کے لئے سرمایہ کاری ہے اور ا س مقصد کے لئے پہلے بھی اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے ہیں او رآئندہ بھی کریں گے -پنجاب میں کوالٹی سکل ڈویلپمنٹ پر توجہ دینے کیلئے متعلقہ اداروں کو فعال کردارادا کرنا ہوگا او ران اداروں کو نتائج دینا ہوں گے-پنجاب کے فنی تربیت کے اداروں کی استعددکار بڑھانے اورمعیاری سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے سٹی اینڈ گلڈز کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے سٹی اینڈ گلڈز کے ساتھ کوالٹی سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مستقبل کا روڈ میپ تیار کرنے کیلئے سٹیئر نگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی اگلے چند روزمیں اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ا ن خیالات کا اظہار آج یہا ں سٹی اینڈ گلڈز کے ریجنل ڈائریکٹربرائے جنوبی ایشیا مفتی ہاشم کی قیادت میں وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ملاقات میں معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اوراس کی کھپت کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تیز رفتار ترقی کے لئے فنی تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے -پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم سے جڑا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے-نوجوانوں کو ملکی اورغیر ملکی ضروریات کے مطابق معیاری ہنر مند فورس بنانا وقت کا تقاضا ہے،اس ضمن میں فنی تربیت کے اداروں کو سکل ڈویلپمنٹ کی بہتری کیلئے کچھ کر کے دکھانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے سکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو ہنر مند بنایا ہے ۔جنوبی پنجاب کے چار اضلاع سے شرو ع کیے جانیوالے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ کارکئی اضلاع تک بڑھا دیا گیا ہے ۔سکل ڈویلپمنٹ کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے تو نوجوانوں کومعیاری فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا۔

ٹیوٹا،پی وی ٹی سی اور سکل ڈویلپمنٹ کمپنی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کرکام کرنے کی ضرورت ہے ۔تمام متعلقہ ادارے ملکی اورغیر ملکی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر توجہ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ فنی تربیت کے اداروں کے نصاب کومارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید تقاضوں کے مطابق بنانا ضروری ہے ۔کوالٹی سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کے حوالے سے اساتذہ کا کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

اساتذہ کی تربیت کے ساتھ انہیں جدید علوم سے روشناس کرانے کی بھی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بہت وقت پہلے ہی ضائع ہوچکا ہے ،اب سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے کسی کو وقت ضائع نہیں کرنے دوں گا۔متعلقہ اداروں کو درست سمت میں فوری اقدامات اٹھانا ہو ں گے۔سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مستقبل کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔فنی تربیت کے تمام اداروں کوروایتی ڈگر سے ہٹ کر موثر انداز میں آگے بڑھنا ہے اور فنی تربیت کے اداروں کے نصاب کو جدید بنانا ہوگا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر سکلز انٹرنیشنل وسٹی اینڈ گلڈز پاکستان کے نمائندے دنیش ابھی ویکرما (Mr.Danesh Abhyi Wickarma )،کنٹری منیجر اسد وڑائچ اور دیگر عہدیداران بھی ملاقات میں شریک تھے جبکہ صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور، چوہدری محمد شفیق، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز، چیئرمین ٹیوٹا، چیئرمین پی وی ٹی سی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔