وزیراعظم نے دورہ ء کراچی میں شہرکے بنیادی مسائل سے عدم دلچسپی کا اظہار کیا ،عوام کوشدیدمایوسی ہوئی، رابطہ کمیٹی

کراچی کے شہریوں کولوڈشیڈنگ کے عذاب اورپانی کی شدیدقلت سے نجات دلانے کیلئے کوئی اعلان نہیں کیا ملک کے خزانے کو70فیصدریونیودینے والے شہرکے ساتھ حکومت سندھ اور وفاقی حکومت کایہ بے حسی کارویہ انتہائی افسوسناک ہی نہیں بلکہ متعصبانہ بھی ہے

بدھ 1 جولائی 2015 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے دورہ ء کراچی میں شہرکے بنیادی مسائل سے جس طرح عدم دلچسپی کا اظہار کیا ہے اس سے کراچی کے عوام کوشدیدمایوسی ہوئی ہے۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سندھ حکومت توپہلے ہی کراچی کے مسائل سے لاتعلق ہے ، وزیراعظم نوازشریف کے دورے سے کراچی کے شہریوں کویہ امیدتھی کہ وہ کراچی میں ہیٹ اسٹروکس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 1200سے زائد افرادکے لواحقین کیلئے امدادکے ساتھ ساتھ کراچی کے شہریوں کولوڈشیڈنگ کے عذاب اورپانی کی شدیدقلت سے نجات دلانے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے اقدامات کا اعلان کریں گے لیکن وزیراعظم نوازشریف نے اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وزیراعظم نوازشریف نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں بیٹھ کرہیٹ اسٹروک کے نتیجے میں کراچی کے 1200سے زائد افرادکے جاں بحق پر افسوس کااظہارتوکیالیکن انہوں نے کسی اسپتال کادورہ کرنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملک کے خزانے کو70فیصدریونیودینے والے شہرکے ساتھ حکومت سندھ اور وفاقی حکومت کایہ بے حسی کارویہ انتہائی افسوسناک ہی نہیں بلکہ متعصبانہ بھی ہے اوراس طرزعمل سے کراچی کے شہریوں میں پہلے سے پائے جانے والے احساس محرومی میں مزیداضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :