داعش نے مصری فوج پر حملوں کی ذمے داری قبول کرلی

جزیرہ نما سیناء میں مختلف چیک پوائنٹس پر حملوں میں 15 فوجیوں سمیت 30 ہلاک

بدھ 1 جولائی 2015 23:05

قاہرہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کی مصر میں شاخ نے شورش زدہ جزیرہ نما سیناء میں مخلف فوجی چیک پوائنٹس پر حملوں کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔ ان حملوں میں پندرہ مصری فوجیوں سمیت کم سے کم تیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔داعش کی جانب سے سوشل میڈیا کی ویب سائٹس پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ''خلافت کے شیر اللہ کی مہربانی سے بیک وقت ''غدار فوج'' کے پندرہ چیک پوائنٹس پر حملوں میں کامیاب رہے ہیں''۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان حملوں میں کم سے کم تیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔صوبہ شمالی سیناء کے دارالحکومت العریش کے جنرل اسپتال کے ڈاکٹر اسامہ السید نے بتایا ہے کہ ان کے پاس تیس لاشیں لائی گئی ہیں اور ان میں سے بعض کے جسموں پر فوجی وردیاں تھیں۔

(جاری ہے)

مصری فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ حملے میں بائیس دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

علاقے میں جنگجووٴں اور فوجیوں کے درمیان کئی گھنٹے تک لڑائی ہوتی رہی ہے۔جزیرہ نما سیناء میں داعش کے فوجی چیک پوائنٹس پر حملوں سے دو روز قبل ہی دارالحکومت قاہرہ میں ایک خودکش کار بم دھماکے میں مصر کے پراسیکیوٹر جنرل ہشام برکات ہلاک ہوگئے تھے۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ان کے اندوہناک قتل کے بعد کہا ہے کہ اب جنگجووٴں کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :