ڈی سی اوچوہدری حبیب اللہ نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں رمضان بازار کامیابی سے جاری ہیں

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 2 جولائی 2015 12:27

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)ڈی سی اوچوہدری حبیب اللہ نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں رمضان بازار کامیابی سے جاری ہیں، ان بازاروں میں عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیائے صرف سبسڈائزڈ نرخوں پر دستیاب ہیں، انہوں نے یہ بات رمضان بازاروں کے حوالے سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی، ڈی سی او نے بتایا کہ ان رمضان بازاروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزراء اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام مسلسل اٹک کے دورے کررہے ہیں، اور ان حکام نے ضلع اٹک کے رمضان بازاروں کو کارکردگی کے حوالے سے بہترین قرار دیا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں مدنی دستر خوان اور ماڈل دستر خوان بھی کامیابی سے لگائے جارہے ہیں ان دستر خوانوں میں مستحق اور نادار افراد کو مفت افطار ی فراہم کی جاتی ہے، ضلع بھر کے رمضان بازاروں کی سختی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے ، تحصیل سطح پر متعلقہ اے سی اور ضلعی سطح پر اے ڈی سی ان رمضان بازاروں کی کارکردگی کو چوبیس گھنٹوں کی بنیاد پر مانیٹر کررہے ہیں،ڈی سی او اٹک نے ضلع بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یا فوکل پرسن اے ڈی سی اٹک سے رابطہ کیا جائے۔