نئے ڈاکٹرز پر سند کے حصول کے لیے سروس کی لازمی پابندی ختم کر دی گئی

جمعرات 2 جولائی 2015 13:49

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) نئے ڈاکٹرز پر سند کے حصول کے لیے سروس کی لازمی پابندی ختم کر دی گئی پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے صدر ڈاکٹر آفتاب احمد میر نے ڈاکٹر ز پر سند کے حصول کے سروس کی لازمی پابندی ختم ہونے کو خوش آئند قرار دیا یاد رہے کہ زلزلے کے بعد جب آزادکشمیر کے بہت سارے ڈاکٹرز خصوصاً مظفرآباد سے ملازمتوں کو خیر آباد کہہ کر پاکستان اور بیرون ملک چلے گئے ۔

تب ڈاکٹرز کی شدید کمی کے باعث لازمی سروس کی پابندی حکومت آزادکشمیر نے لگا دی۔

(جاری ہے)

اس عرصہ کے دوران پاس ہونے والے ڈاکٹرز کی اسناد محکمہ صحت عامہ براہ راست کالجز سے اپنے پاس منگوا لیتا تھا۔ جسکی وجہ سے نوجوان ڈاکٹرز کو مشکلات درپیش تھیں۔کیونکہ محکمہ صحت عامہ انکو ملازمت مہیا کرتا تھا اور نہ ہی اسناد واپس کرتا تھا۔ جسکی بناء پر ڈاکٹرز صاحبان کو مزید تعلیم حاصل کرنے میں بھی دشواری کا سامنا تھا۔ ڈاکٹر آفتاب میر صدر پی ایم اے آزادکشمیر نے اس موقع پر سیکرٹری صحت عامہ برگیڈےئر طارق حسین ملک کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے پی ایم اے یہ پابندی مٹوانے میں کامیاب ہوئی۔انھوں نے 10سال بعد پابندی ختم ہونے پر ڈاکٹر کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی۔