گاڑیوں پرلگائے جانے والے ٹول ٹیکس ختم کئے جائیں‘ چوہدری محمود احمد

جمعرات 2 جولائی 2015 13:51

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) مرکزی انجمن تاجراں اتحاد گروپ کے صدر چودھری محمود احمد نے کہا کہ منگلا کنٹونمنٹ بورڈ کے نام پر ٹول ٹیکس میں لگایا گیا سوفیصد اضافہ ضلعی انتظامیہ فوری طورپرگاڑیوں پرلگائے جانے والے ٹول ٹیکس کو ختم کروائیں بصورت دیگر انجمن تاجراں اتحاد گروپ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر پہیہ جام ہڑتال کریں گے اہلیان میرپورنے پاکستان کے لیے دوسری بار قربانیاں دیں اور اپنے گھربارچھوڑدیئے۔

دینہ سے میرپور آنے کے لیے منگلاکے مقام پرگاڑیوں پرلگایا جانے والاٹول ٹیکس ناجائز ہے اور اس کی مثا ل پاکستان میں اور کہیں نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں انجمن تاجراں اتحاد گروپ کے عہدیداران سمیت دیگر تاجر راہنماء بھی موجود تھے ،صدر چودھری محمود احمد نے کہا کہ ٹول ٹیکس منگلا میں اضافے کوفوری طورپرختم کیا جائے بصورت دیگرٹرانسپورٹرز حضرات ، سول سوسائٹی کے ہمراہ پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا میرپور ڈویژن کی سب سے زیادہ گاڑیاں ادھر سے گزرتی ہیں،مہنگائی کے اس دور میں سو فیصد اضافہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ظلم و زیادتی ہے اور یہ اُنکے ساتھ معاشی قتل ہے ،اُنہوں نے کہا اس اضافے سے میرپور کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ساتھ شہری بھی ذہنی پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں ،لہٰذہ ضلعی انتظامیہ میرپور کے ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا نوٹس لیے اور فوری طور پر ٹول ٹیکس کے اضافے کو ختم کروائے ورنہ پورے آزاد کشمیر میں پہیہ جام ہڑتال ہو گی اور انجمن تاجراں اتحاد گروپ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ شانہ بشانہ ساتھ کھڑی ہو گی۔