امریکا میں ایک اور سیاہ فام چرچ آتشزدگی کا شکار ہو گیا

جمعرات 2 جولائی 2015 14:00

واشنگٹن ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) امریکی ریاست، جنوبی کیرولینا کے شہر چارلسٹن سے 100 میل دور ایک اور افریقی امریکن چرچ جل کر راکھ ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق تباہ ہونے والا یہ ماوٴنٹ زیون افریقی میتھوڈسٹ ایپسکوپل چرچ، چارلسٹن میں قتل کی واردات کے چرچ سے 100 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔گریلی ویل نامی چھوٹے سے قصبے میں واقع اس چرچ میں گزشتہ شب طوفانی بارش کے دوران، اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی ایک وجہ بجلی کا نظام ہو سکتا ہے تا ہم دیگر وجوہات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔گریلی ویل کا یہ چرچ 20 برس قبل بھی متعصب سفید فام تنظیم ’کو کلکس کلان‘ کے اراکین کے ہاتھوں نذر آتش ہو چکا ۔آگ کے با عث بیرونی دیوار کے سوا چرچ کی تمام عمارت تباہ ہو گئی ۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

گریلی ویل کی ماوٴنٹ زیون افریقی میتھوڈسٹ ایپسکوپل چرچ چھٹا مذہبی مرکز ہے جو چارلسٹن میں افریقی امریکن چرچ میں فائرنگ اور 9 افراد کے قتل کے واقعہ کے بعد آگ لگنے سے تباہ ہوا اور یہ تمام کے تمام واقعات جنوبی امریکا میں یا تو جنوبی کیرولینا یا اس کے قریبی علاقے میں پیش آئے۔حکام کا کہنا ہے کہ 6 میں سے 2 واقعات میں آگ جان بوجھ کر لگائی گئی تھی۔ تاہم، کسی نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔