وزیر اعلیٰ پنجاب کی ارکان اسمبلی کو اپنے علاقوں کے رمضان بازاروں کے خود دورے کرنے کی ہدایت

جمعرات 2 جولائی 2015 14:08

فیصل آباد ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر کے تمام ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے علاقوں کے رمضان بازاروں کے خود دورے کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ سستے رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ ، سبسڈی کے ذریعے ازراں نرخوں پر آٹے، چینی ، گھی ، دالوں ، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی عوام الناس کو فراہمی کی نگرانی سمیت غریب و کم آ مدنی والے افراد تک ریلیف پیکج کے ثمرات پہنچانے کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔

صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان نے گذشتہ رو ز ارکان اسمبلی سے بات چیت کے دوران کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں حکومت کی جانب سے اشیائے صرف کی سستے نرخوں پر فراہمی کیلئے دی گئی سبسڈی کو ہر حال میں شفاف ، موٴثر ، فعال بنایا جائیگا اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی ، لاپرواہی ، فرائض میں غفلت یا بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ارکان اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں رمضان دسترخوانوں کے بھی دورے کریں گے اور عام افراد کے ہمراہ روزہ افطار کیا جائیگا تاکہ غریب اور کم آمدنی والے افراد سمیت نادار ، مفلس، بے سہارا افراد میں پایا جانے والا احساس محرومی ختم کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع کے ڈی سی اوز، دیگر متعلقہ حکام اور مارکیٹ کمیٹیوں کے چیئر مینز /ایڈمنسٹریٹرز و سیکرٹریز کو بھی رمضان بازاروں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ناجائز منافع خوری ، ذخیرہ اندوزی ، چور بازاری روکنے کیلئے سپیشل پرائس مجسٹریٹوں کو بھی آپریشن کریک ڈاؤن کرنے کے بھی احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :