حکومت پنجاب کی صوبہ بھر کے زنانہ و مردانہ کالجز میں رواں سال انٹرمیڈیٹ کلاسز میں10فیصد زائد طلبا ء کو داخل کرنے کی ہدایت

جمعرات 2 جولائی 2015 14:08

فیصل آباد ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) حکومت پنجاب نے فیصل آباد ڈویژن کے چارو ں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام زنانہ و مردانہ کالجز میں رواں سال انٹرمیڈیٹ کلاسز میں10فیصد زائد طلبا ء کو داخل کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ اس سلسلہ میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے تمام زنانہ ومردانہ کالجز کے پرنسپلز اور دیگر حکام کو اس سلسلہ میں ضروری احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں ۔

ڈائریکٹوریٹ آف کالجز فیصل آباد کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے امسال گذشتہ سال کی نسبت 10فیصد زائد طلباء و طالبات کو سرکاری کالجز میں داخلے فراہم کرنے سے زیادہ سے زیادہ سٹوڈنٹس کو سستی اور معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہو سکے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اس اقدام سے دور دراز کے پسماندہ علاقوں کے متوسط اور غریب گھرانوں کے طلباء و طالبات بھی بھر پور استفادہ کرتے ہوئے اپنی تعلیم مکمل کر سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کے تمام گرلز و بوائز کالجز میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی ، نئے کمروں ، لیبارٹریز ، واش رومز ، ویٹنگ شیڈز ، سٹاف رومز وغیرہ کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے ۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب بھر کے تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے میٹرک کے سالانہ امتحانی نتائج کے اعلان کے بعد کالجز میں انٹرمیڈیٹ سال اول کی کلاسز میں داخلوں کاآغاز کردیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :