صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود کا رمضان بازاروں کا دورہ

جمعرات 2 جولائی 2015 14:12

لاہور ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون احمد سلطان بخاری نے جمعرات کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں قائم رمضان بازاروں کا دورہ کیا- انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اربوں روپے کا تاریخی رمضان پیکیج دیا ہے اس پیکیج کے تحت سستے آٹے کی فراہمی پر تین ارب پچاس کروڑ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے جس کے تحت رمضان بازاروں میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 310/-روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے - رمضان بازاروں میں چینی 52 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے - انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کی صورتحال وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف بذات خود مانیٹر کر رہے ہیں اور اس ضمن میں انتظامی سطح پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا - صوبائی وزیر نے رمضان بازاروں میں کریانہ ، سبزی ، فروٹس ،آٹا ، چینی ، ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس ، پولٹری ، یوٹیلٹی سٹورز ، مشروبات اور گوشت کے سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا -انہوں نے رمضان بازاروں میں گھی کے نرخ یکساں نہ ہونے پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ رمضان بازاروں میں عوام کو یکساں نرخوں پر گھی فراہم کریں اور اشیائے خوردونوش کے نرخوں کو بڑے حروف میں لکھوا کر نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں -انہوں نے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے عوام دوست اقدامات کی وجہ سے بڑی منڈیوں پر کنٹرول حاصل کر کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے تاکہ عام مارکیٹوں میں بھی لوگوں کو معیاری اشیاء وافر اور سستے داموں میسر آ سکیں -سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ حکومت کے تاریخی رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا - وزیر اعلی محمدشہباز شریف کی ہدایت کے مطابق عام آدمی کو خصوصی ریلیف کی فراہمی کے لئے صوبہ بھر میں اراکین صوبائی اسمبلی ، سیکرٹریز ، ضلعی انتظامیہ و متعلقہ افسران رمضان و ماڈل بازاروں کے دورے کر رہے ہیں - اس ضمن میں منافع خوروں اور ناقص اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا-