ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری

جمعرات 2 جولائی 2015 14:19

ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نوازکے مطابق تربیتی کیمپ میں دو سینئر اور 6 جونیئر کھلاڑی تربیت حاصل کررہے ہیں۔

سینئر کھلاڑیوں میں ناصر اقبال اور فرحان زمان جبکہ جونیئر کھلاڑیوں میں طیب حسن ‘ عاصم خان ‘ اسرار احمد ‘ عباس شوکت ‘ احسن ایاز اور ذیشان خان شامل ہیں اور کوچ انہیں جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑی رات 11 سے 2 بجے تک مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ جونیئر انفرادی سکواش چیمپئن شپ عید الفطر کے فوراً بعد 25 سے 27 جولائی تک ہالینڈ میں کھیلی جائے گی جس کی وجہ سے فیڈریشن نے رمضان المبارک میں قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور قومی کھلاڑی رات 11 سے 2 بجے تک بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا ورلڈ جونیئر انفرادی سکواش چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے قومی ٹیم 23 جولائی کو ہالینڈ روانہ ہوگی۔