پاکستان کیساتھ کشمیریوں کا قلبی رشتہ ہے ،عو امی حکومت نے وسائل کا رخ غریب عوام کی طرف موڑ دیا ہے، سید بازل علی نقوی

جمعرات 2 جولائی 2015 15:16

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)آزادجموں و کشمیر کے وزیر زراعت ،لائیو سٹاک و ایسماء سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کا قلبی رشتہ ہے ،عو امی حکومت نے وسائل کا رخ غریب عوام کی طرف موڑ دیا ہے۔پیپلز پارٹی کا ایجینڈا عوام کی خدمت اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے۔اس وقت آزادکشمیر میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں۔

آئندہ الیکشن میں بھی پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی ۔وزیر زراعت نے ان خیالات کا اظہارافطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوے کیا۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ عوامی حکومت نے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کے لئے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے خودروزگار سکیم شروع کی جا رہی ہے جس کے لئے وزیر اعظم چوہدری عبد المجید نے خصوصی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے تحت نوجوانوں کے لئے گرین سکیم کے علاوہ انہیں کاروبار کے لئے قرضے بھی دیئے جایئں گے۔انہوں نے کہا اس بجٹ میں جوا قدامات کئے گئے وہ شاندار نتائج کے حامل ہیں جن سے ترقیاتی انقلاب آیاہے۔ سید بازل علی نقوی نے کہا میڈیکل کالج کشمیری عوام کو ایک خواب لگتا تھا جسے ہماری حکومت نے شرمندہ تعبیر کیا ۔انہوں نے کہا ہماری حکومت نے دس ہزار اسامیاں تخلیق کیں ۔

انہوں نے کہا وزیر اعظم مہاجرین کے لئے بھی خصوصی سہولتوں کا اعلان کیا جس کے تحت انہیں زندگی کی بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے تمام اضلاع کو ایک اکائی قرار دیا ہے اور سب میں مساوی ترقیاتی کام کئے جائیں گے ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ عوام کے ساتھ میرا تعلق انتہائی گہرا ہے اور میں اپنے لوگوں سے انتہائی محبت کرنے والا شخص ہوں یہی وجہ ہے کہ میرے دروازے میرے لوگوں کے لئے ہمہ وقت کھلے رہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا ہم عوامی لوگ ہیں کسی قسم کا پروٹوکول ہمیں عوام سے دور نہیں کر سکتا ۔اقتدار اللہ تعالی کی خاص عنایت اور لوگوں کا اعتماد ہوتا ہے جس کے دوران میری پوری کوشش ہے کہ عوام کے کام آوں ۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ وزیر حکومت کے ساتھ ہمارا بڑا پرانا تعلق ہے وہ صحیح معنوں میں عوام کے نمائندے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مظفر آباد میں ہر نوجوان وزیرزراعت کا دیوانہ ہے اور اس کی وجہ ہے وزیر حکومت کا اعلی اخلاق اور ہر وقت لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہونا ۔اس سے پہلے جب وزیرزراعت و لائیو سٹاک افطار پارٹی میں پہنچے تو جیالوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور فضاء جیوے بازل کے نعروں سے گونج اٹھی۔