میرپور شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے شہریوں کا تعاون درکار ہے، چودھری بابر شہزاد

جمعرات 2 جولائی 2015 15:17

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ میرپور چوہدری بابر شہزاد نے کہا ہے کہ میرپور شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے شہریوں کا تعاون درکار ہے۔ بلدیہ سروسز فراہم کرنے کا ادارہ ہے۔محدود وسائل اور سٹاف کے باوجود شہر کی صحت وصفائی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔بعض لوگ خواہ مخواہ کی تنقید کر کے سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت اور وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں شہر کو خوبصورت تر بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری بابر شہزاد نے کہا کہ میرپور شہر کی آبادی میں اضافہ ہو گیا ہے۔اورا ٓبادی کے لحاظ سے سٹاف میں بھی اضافہ ناگزیر ہے۔انھوں نے کہا کہ بلدیہ میرپور کے ساتھ شہریوں کو بھی بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کو روزانہ کی بنیاد پر تلف کیا جاتا ہے۔لیکن بعض سیکٹروں میں شہری ذمہ داری کا ثبوت نہیں دیتے اور کوڑا کرکٹ ڈسٹ بن میں پھینکنے کے بجائے گلی اور سڑکوں میں پھینک دیتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ بلدیہ سروسز فراہم کرنے والا ادارہ ہے اور محدود وسائل کے باوجود میرپور شہر کی صحت وصفائی پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ تنقید برائے اصلاح پر یقین رکھتے ہیں لیکن بعض لوگ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے خواہ مخواہ کا پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں۔چوہدری بابر شہزاد نے کہا کہ موجودہ آزادحکومت آزادکشمیر بھرمیں ترقیاتی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ابھی حکومت کا ایک سال باقی ہے۔اس عرصہ میں شہر کی تعمیر وترقی بلاتخصیص جاری رکھیں گے۔