حکمرانوں کی نا اہلی ،دارلحکومت مظفرآباد کا سب سے بڑا ہسپتال سی ایم ایچ مظفرآباد تباہی کے دھانے پر پہنچ گیا

جمعرات 2 جولائی 2015 15:27

مظفرآباد ((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) حکمرانوں کی نا اہلی ،دارلحکومت مظفرآباد کا سب سے بڑا ہسپتال سی ایم ایچ مظفرآباد تباہی کے دھانے پر پہنچ گیا ،فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث مشینری کے خراب ہونے کا سلسلہ نہ تھم سکا ،سی ٹی سکین مشین کی بحالی کی تحریک ابھی تھمی نہ تھی کہ چلڈرن وارڈکی وینٹی لیٹر ز مشینیں بھی خراب ہو گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق سی ایم ایچ مظفرآباد میں وینٹی لیٹر مشینوں کی خرابی کے باعث نومولود بچوں کی شرح اموات میں 100گنا اضافہ ہو گیا ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ایک محتاط اندازے کے مطابق بچوں کی فی شرح اموات 5سے 7تھی جو وینٹی لیٹرز کی خرابی کے بعد 15سے 20ہو گئی ہے ۔دوسری جانب وزیر صحت کی عدم دلچسپی کا یہ عالم ہے کہ انہیں جیالے بھرتی کرنے کے لئے اسامیاں تخلیق کرنے کے سوا محکمہ کے دیگر معاملات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔

سی ایم ایچ مظفرآباد میں قبل ازیں ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث اموات پر بھی حکومت نے خاموشی اختیار کئے رکھی جبکہ مشینوں کی خرابی کے باعث شرح اموات میں اضافے سے بھی حکام بالا غفلت برت رہے ہیں۔اہلیان مظفرآباد نے چیف سیکرٹری سے معاملہ کے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تا کہ مریضوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :