بنگلہ دیش میں القاعدہ کمانڈر سمیت 12 مشتبہ عسکریت پسند گرفتار

جمعرات 2 جولائی 2015 15:49

ڈھاکہ ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) بنگلہ دیش میں سیکیورٹی فورسز نے القاعدہ کی برصغیر شاخ کے ایک مرکزی کمانڈر سمیت 12 مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کرلیا ۔ذرائع ابلاغ کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس ”ریپڈ ایکشن بٹالین“ کے عہدیدار میجر مقصود العالم نے کہا ہے کہ یہ گرفتاریاں گزشتہ روز ڈھاکہ کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران عمل میں لائی گئیں۔

(جاری ہے)

گرفتار ہونے والوں میں القاعدہ کی برصغیر شاخ کے بنگلہ دیش میں اعلیٰ معاون معین الاسلام اور ان کا مشیر ظفر امین بھی شامل ہیں۔معین الاسلام کالعدم تنظیم حرکت الجہاد الاسلام کا سابق رہنما بھی ہے۔حکام نے کہا ہے کہ اس دوران بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد اور اسلحہ بھی قبضے لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں رواں سال تین مختلف بلاگرز کو خنجروں کے وار کر کے ہلاک کیا گیا۔ القاعدہ کی اس شاخ نے ان میں سے دو کی ذمہ داری قبول کی تھی۔