نئی غلہ منڈی میں کاروباری سرگرمیوں کا انعقاد ضلع کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، سید طارق محمود

جمعرات 2 جولائی 2015 15:59

رحیم یارخان ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ڈی سی اورحیم یار خان کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر رحیم یار خان سید طارق محمود بخاری کی سربراہی میں غلہ منڈی کے امور کو بہتر انداز میں حل کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی غلہ منڈی میں بروقت کاروباری سرگرمیوں کا انعقاد اس ضلع کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا ، ضلعی انتظامیہ انجمن آڑھتیاں کے ساتھ مل کر غلہ منڈی فیز ون کی بروقت تکمیل سمیت فوری کاروباری سرگرمیوں کے آغاز کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے تحفظات و مطالبات کے حل کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے آڑھتیوں کے وسیع تر مفادات کیلئے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ غلہ منڈی فیز ٹو کی شروعات اس وقت کی جائیں گی جب فیز ون کے تحت غلہ منڈی میں الاٹ ہونیوالی دکانات آڑھتیوں کی جانب سے مکمل تعمیر نہیں کی جاتی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے غلہ منڈی میں الاٹیز کی سہولت کیلئے قسطوں کے بقایات جات جمع کرانے کی تاریخ30جون میں دس یوم کی توسیع بھی کر دی تاکہ فیز ون کے تحت آڑھتی اپنی اقساط باآسانی جمع کرا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آڑھتیوں کی جانب سے اقساط جمع ہونے کی صورت میں فوری طور پر فیز ٹو کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے رمضان بازاروں کے حوالے سے ایڈ منسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی سمیع اللہ چوہدری اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جائے تاکہ خریداری کیلئے آنیوالے صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ عام مارکیٹ میں بھی اشیائے روز مرہ کی قیمتوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور ناجائز منافع خوری کرنیوالوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ پابند سلاسل بھی کیا جا رہا ہے جس کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں۔انہوں نے شہر کی خوبصورتی، گرین بیلٹس کے قیام اور ناجائز تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طالب حسین رندھاوا، ای ڈی او زراعت ظفر یاب حیدر، ای ڈی او ورکس شاہد خان بلوچ اور ٹی ایم او سردار نصیر احمد کو فوری تجاویز فراہم کرنے اور ان پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی او کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال کی ہدایت کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو گرین بیلٹس ، پھولوں اور پودوں کی مدد سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کیخلاف بھر پور آپریشن شروع کیا جائے گا جس کی سربراہی وہ خود کریں گے۔