حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملاوٹ کرنیوالوں کیخلاف ہفتہ وار مہم شروع کرنے کا فیصلہ

جمعرات 2 جولائی 2015 16:01

رحیم یارخان ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پرای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین کی جانب سے ماہ صیام میں ملاوٹ کرنیوالوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کرنے کیلئے ہفتہ وار مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈی سی او رحیم یار خان کیپٹن (ر)محمد ظفر اقبال کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سید طارق محمود بخاری اور ای ڈی او زراعت ظفر یاب حیدر سمیت چاروں تحصیلوں کے ڈپٹی ڈی اووز ہیلتھ شامل ہیں۔

اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنیوالوں کے خلاف جاری مہم میں دودھ و دہی فروشوں، بیکرز، سویٹ مارٹس، کریانہ مرچنٹس، آئس کریم شاپس، پھل و سبزی فروش، لیمن سوڈا، رابڑی فروش، آئس فیکٹریز سمیت دیگر پر اچانک چھاپے مارے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی نے کہا کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کر کے عوام کو مضر صحت اشیاء فروخت کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، ایسے عناصر کیخلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ودھ و دہی فروشوں، بیکرز، سویٹ مارٹس، کریانہ مرچنٹس، آئس کریم شاپس، پھل و سبزی فروش، لیمن سوڈا، رابڑی فروش، آئس فیکٹریز سمیت دیگر پر کڑی نظر رکھی جائے اور اچانک چھاپے مار کر اشیائے خوردونوش کے معیار کا جائزہ لیا جائے۔انہوں نے دکانداروں و ااشیائے ضروریہ کے کاروبار سے منسلک افرادکو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور بیماریوں کو پھیلانے کا باعث نہ بنا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہم یکم تا7جولائی تک ضلع بھر میں جاری رہے گی ۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کر کے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنیوالوں کے بارے میں اطلاع اپنی قریبی ہیلتھ سینٹر یا ضلعی انتظامیہ کے دفاتر میں دیں فوری کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں ڈاکٹر محمد زبیر، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد زاہد، جام محمد عاشق، یوسف سعید، محمد الیاس ودیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :