حافظ آباد ، ٹریفک حادثات‘ فائرنگ اور کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں باپ بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق

جمعرات 2 جولائی 2015 16:29

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) حافظ آباد میں ٹریفک حادثات‘ فائرنگ اور کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں باپ بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سکھیکی کا رہائشی تصور عباس اپنے بیٹے اور بیٹی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر خانقاہ ڈوگراں سے واپسی سکھیکی جارہا تھا کہ ورکشاپ سٹاپ کے قریب پیچھے سے آنے والی تیز رفتار بس نے انہیں کچل دیا جس کے نتیجہ میں تصور عباس اور اس کا بیٹا مشہد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی دوسرا حادثہ رسول پور تارڑ کے قریب پیش آیا جہاں ٹرک نے موٹر سائیکل سوار عظمت علی کو کچل دیا جس سے وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

فائرنگ کا واقعہ نواحی گاؤں بہرام میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ڈیرہ پر سوئے ہوئے زمیندار محمد جاوید کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے سکھیکی کے علاقہ فاضل پورہ میں پانی والی موٹر ٹھیک کرتے ہوئے بیس سالہ نوجوان بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔